(ویب ڈیسک)آسکر ایوارڈ یافتہ بھارتی موسیقار اے آر رحمان نے اہلیہ سائرہ بانو سے علیحدگی اورطلاق کی خبروں پر افواہیں پھیلانے والوں کو ہتک عزت کے نوٹس جاری کردیئے۔
نامور بھارتی موسیقار اے آر رحمان اور ان کی اہلیہ سائرہ بانو نے تقریباً 30 سالہ رفاقت کے بعد علیحدگی کا فیصلہ کیا ہے ،ان کی طلاق کے کچھ ہی گھنٹوں بعد ان کے بینڈ کی گٹارسٹ موہنی ڈے نے بھی اپنے شوہر سے علیحدگی کا اعلان کر دیا، اس کے بعد سوشل میڈیا پر قیاس آرائیاں شروع ہوگئیں کہ دونوں فنکاروں کا آپس میں کوئی تعلق ہے،تاہم موہنی ڈے نے اس کی سختی سے تردید کردی۔
اب اے آر رحمان نے افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کرلیا ہے،بھارتی میڈیا کے مطابق اے آر رحمان نے ان تمام لوگوں کو قانونی نوٹس جاری کردیا ہے جو انہیں اور ان کے خاندان کو نشانہ بناتے ہوئے ہتک آمیز اور قابل اعتراض مواد پھیلا رہے ہیں۔
اے آررحمان نے ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ میری قانونی ٹیم کی طرف سے تمام تہمت لگانے والوں کو نوٹس جاری کردیا گیا ہے جس میں اس طرح کے مواد کو ہٹانے کے لیے 24 گھنٹے کی مہلت دی گئی ہے،عدم تعمیل پر قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا،نوٹس میں کہا گیاہے کہ نفرت پھیلانے والوں کو مطلع کیا جاتاہے کہ اگلے ایک گھنٹے کے اندر اندر قابل اعتراض مواد ہٹا دیں اور اس کام کےلیے زیادہ سے زیادہ 24 گھنٹے کی مہلت ہے۔
یہ بھی پڑھیں:بھارتی کرائم ڈرامہ سیریل "سی آئی ڈی"6 سال بعدواپسی کےلیے تیار
واضح رہے کہ اے آر رحمان اورسائرہ بانو 1995ء میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے اور ان کے تین بچے ہیں جن میں دو بیٹیاں خدیجہ اور رحیمہ جبکہ ایک بیٹا امین شامل ہیں۔