(24نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات احسن اقبال نے کہا ہے کہ نو مئی کے بعد دھرنا گرو کو احتجاج کی اجازت دینا خطرناک ہے۔
پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ حکومت آج ایک صورت حال کا سامنا کر رہی ہے ، پی ٹی آئی ملک میں افراتفری پیدا کر کے معاشی بحالی کو ناکام بنانا چاہتی ہے ، حکومت نے ہمیشہ ان کے ساتھ نرمی برتی لیکن اس کا نقصان نو مئی جیسا واقعہ ہوا۔
احسن اقبال نے کہا کہ نو مئی کے بعد اس گرو سے خیر کی توقع رکھنا رسک والی بات ہے، امید ہے ان کا دھرنا آج ناکام اور حالات ٹھیک ہوجائیں گے، بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری انتظامیہ کی جانب سے نہیں کی گئی جو رہائی کا مطالبہ مان لیا جائے، ان کے مقدمات عدالت میں ہیں، حکومت کے پاس چھوڑنے کا اختیار نہیں ہے۔