کنٹینرز اور ٹرک نہ چھوڑے گئے تو سخت فیصلہ کرنے پر مجبور ہونگے:پاکستان ٹرانسپورٹ کونسل

Nov 24, 2024 | 17:54:PM

(بسام سلطان ) پاکستان ٹرانسپورٹ کونسل کے مرکزی صدر تنویر احمد جٹ نے کہا ہے کہ 4 دن سے ہمارے ہزاروں لوڈ کنٹینر اور ٹرک روڈ بند کرنے  کیلئے پولیس نے پکڑے ہوئے ہیں، اگر ہمارے کنٹینرز اور ٹرک نہ چھوڑے گئے تو سخت فیصلہ کرنے پر مجبور ہوں گے ۔  

تنویر احمد جٹ نے اپنے بیان میں کہا کہ کنٹینرز جان بچانے والی ادویات، سبزیاں، پھل، الیکٹرونکس اور امپورٹ ایکسپورٹ کے سامان سے لوڈ ہیں، کنٹینرز اور ٹرک پکڑے جانے سے ہمارا روزانہ کروڑوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے، اگر ہمارے لوڈ کنٹینرز اور ٹرکوں کو مشتعل مظاہرین نے لوٹ لیا تو حکومت ذمہ دار ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ لوڈ کنٹینرز اور ٹرک کسی بھی بڑے حادثے کا باعث بن سکتے ہیں۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ گڈز ٹرانسپورٹ کا شعبہ پہلے ہی حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے تباہ ہو چکا ہے، حکومت روڈ بند کرنے کے لیے ریاست کے اداروں اور وسائل کو استعمال کرے۔ وزیر اعظم ٹرانسپورٹرز اور ڈرائیورز پر رحم کرتے ہوئے کنٹینرز ریلیز کروائیں۔ اگر ہمارے کنٹینرز اور ٹرک نہ چھوڑے گئے تو کوئی بھی سخت فیصلہ کرنے پر مجبور ہوں گے۔

مزیدخبریں