(24 نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے ارشد شریف کی والدہ سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا، جس میں انہوں نے ان سے تعزیت اور غم کا اظہار کیا۔
وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے ارشد شریف کی والدہ کو اب تک ہونے والی پیش رفت اور معلومات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کینیا میں پاکستان کی سفیر سیدہ ثقلین نے مرحوم ارشد شریف کی شناخت کرلی، اب میت کی واپسی کے لئے قانونی عمل شروع ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت میت کی شناخت اور وطن واپسی کے لئے ضابطے کی قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔ کینیا کے حکام کو ضابطے کی کارروائی جلد مکمل کرنے کی درخواست کی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے صحافی ارشد شریف کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار اور اہل خانہ کیساتھ تعزیت کی ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ کینیا میں ارشد شریف کے ساتھ پیش آنے والا واقعہ افسوسناک ہے، واقعے سے متعلق حقائق جاننے کیلئے کینیا کی حکومت سے رابطے میں ہیں، نیروبی میں موجود پاکستانی سفارتخانہ ارشد شریف معاملے میں مکمل معاونت کر رہا ہے۔