ارشد شریف کے بہیمانہ قتل پر بے حد صدمے میں ہوں: عمران خان

Oct 24, 2022 | 14:29:PM

 (24 نیوز) چئیرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے سینئر صحافی و اینکر پرسن ارشد شریف کے کینیا کے شہر نیروبی میں سر پر گولی مار کر بیہمانہ قتل پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

سابق وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ‏ارشد شریف نے سچ بولنے کی حتمی قیمت اپنی جان سے ادا کی، ان کے بہیمانہ قتل پر بے حد صدمے میں ہوں۔

 عمران خان کا کہنا تھا کہ ارشد شریف کو ملک چھوڑنا پڑا مگر بیرونِ ملک پناہ کے دوران بھی انہوں نے سماجی میڈیا پر سچ بولنے اور طاقتور لوگوں کو بے نقاب کرنے کا سلسلہ جاری رکھا، ان کی موت پر پوری قوم آج حالتِ سوگ میں ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ارشد شریف کے اپنے بیانات اور دیگر ذرائع سے ملنے والے شواہد کی پڑتال کیلئے باضابطہ عدالتی تحقیقات کا اہتمام کیا جائے، ہم طاقتور طبقات کے ہاتھوں ان افراد، جو تنقید کرنے اور غلط کاریوں کو بےنقاب کرنے کی جسارت کرتے ہیں کیخلاف سفاکیت کی نچلی سطح تک گِر چکے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ سفاکیت کی اس سطح کا کسی مہذب معاشرے میں تصور تک محال ہے، میری دعائیں اور ہمدردیاں ان کے سوگوار اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں۔

مزیدخبریں