(ویب ڈیسک)اسلامی تاریخ پر بنائے گئے ڈرامے ناظرین میں مقبول ہورہے ہیں ۔ترک ڈراموں ارطرل غازی ،کورولش عثمان ،سلجوق کی کامیابی کے بعد ایک اور ڈرامہ سیریز ’صلاح الدین ایوبی‘کی بھی پہلی جھلک نمودار ہوگئی ہے۔
ڈرامہ سیریز ’صلاح الدین ایوبی‘کو پاکستان اور ترکیہ کے نجی پروڈکشن ہاؤسز کے اشتراک سے بنایا گیا ہے،یہ ایک میگا بجٹ اور میگا کاسٹ پراجیکٹ ہے۔ڈرامے کو دسمبر 2021 میں بنانے کا اعلان کیا گیا تھا اور اعلان کے تقریباً تین سال بعد اس کا مختصر ٹیزر سامنے آیا ہے۔صلاح الدین ایوبی کو بنانے کے لیے پاکستان کے انصاری فلمز اور ترکیہ کے ایکلی فلمز کے درمیان اگست 2021 میں سربیا میں معاہدہ ہوا تھا۔
بعد ازاں ڈرامے کی کاسٹ کے لیے پاکستان اور ترکیہ میں آڈیشن لیے گئے تھے اور دسمبر 2021 میں پاکستان میں لیے گئے آڈیشنز میں 6 ہزار اداکاروں نے حصہ لیا تھا، جس میں سے محض چند اداکاروں کو کاسٹ کیا گیا تھا۔
ڈرامے کے ٹیزر کو صلاح الدین ایوبی کا کردار ادا کرنے والے ترک اداکار اغور غنيش (Uğur Güneş) سمیت ڈرامے کے پروڈیوسرز میں شامل پاکستانی اداکار عدنان صدیقی نے بھی انسٹاگرام پر شیئر کیا۔مختصر ٹیزر میں صلاح الدین ایوبی کو اسلامی ریاست کا پرچم ہاتھ میں تھامے دوڑتے گھوڑے پر دیکھا جا سکتا ہے۔ٹیزر کے اختتام پر صلاح الدین ایوبی کو دور سے مسجد اقصیٰ کو دیکھتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
ضرور پڑھیں:اداکارہ مہوش حیات بھی فلسطین کی حمایت میں بول پڑیں
عدنان صدیقی نے ڈرامے کے ٹیزر کو شیئر کرتے ہوئے پاکستانی اور ترکیہ کے پروڈکشن ہاؤسز اور پروڈیوسرز کا شکریہ ادا کیا اور انہوں نے پروڈیوسرز میں ہمایوں سعید کا نام بھی لکھا۔
عدنان صدیقی اور ترک اداکار اغور غنیش نے یہ نہیں بتایا کہ صلاح الدین ایوبی کو کب تک نشر کیا جائے گا، تاہم انہوں نے بتایا کہ ڈرامے کو پہلے ترک ٹی وی چینل ’ٹی آر ٹی ون‘ پر دکھایا جائے گا۔
اسی ڈرامے کے حوالے سے اپریل 2023 میں ہمایوں سعید نے بتایا تھا کہ ممکنہ طور پر ڈرامے کو رواں برس کے اختتام تک پہلے ترکیہ میں نشر کیا جائے گا، اس کے ایک سال بعد اسے پاکستان میں دکھایا جائے گا۔ عدنان صدیقی کو بھی معاون کردار کے روپ میں دیکھا جاسکے گا لیکن اس حوالے سے مصدقہ طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا ہے۔
اطلاعات ہیں کہ ترکیہ میں مذکورہ ڈرامے کو ترک زبان میں نشر کرنے کے بعد اسے پاکستان میں اردو زبان میں پیش کیا جائے گا جب کہ اسے انگریزی اور عربی زبان میں بھی ترجمہ کرکے مختلف اسٹریمنگ ویب سائٹس پر ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔