فضائی آلودگی میں اضافہ،لاہور آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آگیا

Oct 24, 2024 | 09:54:AM

(کومل اسلم) سردیوں کی آمد کے ساتھ ہی صوبائی دارالحکومت میں آلودگی کی شرح میں مسلسل اضافہ ہونے لگا ہے جس سے لاہور آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آ گیا ہے۔

دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کا پہلا نمبر ہے اور دوسرے نمبر پرلاہور کو شمار کیا جارہا ہے۔اس کے علاوہ کراچی کی فضا بھی آلودہ ہے جسے چھٹے نمبر پر ریکارڈ کیا گیا ہے۔

عالمی ماحولیاتی رپورٹ کے مطابق لاہور کے ایئر کوالٹی انڈیکس کی مجموعی شرح 208 تک پہنچ  گئی، جس کے بعد  آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں  لاہور  پاکستان سمیت دنیا کے بھی  دوسرے نمبر پر   ہے۔

ائیر کولٹی انڈیکس کے مطابق امریکی قونصلیٹ 230،جوہر ٹاؤن میں آلودگی کی شرح 226ریکارڈ، سید مراتب علی روڈ 223،ٹھوکر میں آلودگی کی شرح 222ریکارڈ کی گئی ہے۔

 آلودگی کی بڑھتی شرح بیماریوں کا سبب بننے لگی، آنکھوں میں جلن، سانس لینے میں دشواری جیسی بیماریاں تیزی سے لاہور میں پھیلنے لگی ہیں۔فضائی آلودگی بڑھنے سے حدِ نگاہ بھی متاثر ہوئی ہے۔

ضلعی انتظامیہ اور محکمہ موسمیات کی جانب سے جلد شہر میں مصنوعی بارش کرنے کیلئے اقدامات جاری ہیں۔ ماہرین ماحولیات کے مطابق آلودگی پھیلانے میں سب سے مرکزی کردار دھواں چھوڑنے والی وہیکلز کا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : مصنوعی ذہانت نے 14 سالہ لڑکے کی جان لے لی

 دوسری جانب طبی ماہرین کاکہناہے کہ شہر کی فضا بچوں، بوڑھوں اور بیمار افراد کے لیے انتہائی مضر ہے،طبی ماہرین کا کہناہے کہ سانس،دمہ، پھیپھڑے اورالرجی سے متاثرہ افراد کو احتیاط کرنے کی ضرورت ہے۔

علاوہ ازیں فیصل آباد میں بھی فضائی آلودگی کے باعث شہر میں اسموگ کی شدت میں اضافہ ہوا ہے اور آلودگی کا معیار 284 ریکارڈ کیا گیا ہے جس سے شہریوں کو مشکلات اور سانس کی بیماریوں کا سامنا ہے۔

مزیدخبریں