(ویب ڈیسک)سینیئراداکارہ بشریٰ انصاری اور ان کے شوہر اقبال حسین نے اپنی شادی شدہ زندگی پر تبصرے کرنے والے سوشل میڈیا صارفین کو کرارا جواب دے دیا۔
سینیئر اداکارہ نے ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب پر حال ہی میں ایک وی لاگ شیئر کیا ہے جس میں انہوں نے کینیڈا میں اپنی مصروفیات بیان کرنے کے علاوہ ویڈیو کے اختتام پر اپنے شوہر اقبال حسین سے بھی ملوایا جوان دنوں رمضان کے لیے ڈرامہ لکھنے میں مصروف ہیں۔
وی لاگ کے اختتام پر اقبال حسین نے بشریٰ انصاری سے کہا کہ آپ کیا کہہ رہی تھی؟ لوگ کس طرح کے تبصرے کر رہے ہیں؟اس پر بشریٰ انصاری نے بتایا کہ لوگ میری ویڈیوز اور پوسٹس پرتبصرے کرتے ہیں کہ جب شوہر سے الگ ہی رہنا تھا تو شادی کیوں کی؟،صارفین کے تبصرے سننے کے بعد اقبال حسین نے بشریٰ انصاری کو مشورہ دیا کہ ایسے لوگوں کی باتوں کی پرواہ نہ کیا کریں،اب ہم ہر وقت کیمرے کے سامنے ایک دوسرے کے ساتھ نہیں بیٹھ سکتے، کبھی کبھی چل جاتا ہے، ہماری اپنی بھی زندگی ہے۔
مذکورہ وی لاگ میں بشریٰ انصاری نے کہا کہ ہم دونوں ایک دوسرے کو تنگ نہیں کرتے، اس لیے ہماری شادی اچھی چل رہی ہے،ہمارا یہی طریقہ ہے اور اگر ہم ایک دوسرے کے سر پر چڑھ گئے تو ہم ایک دوسرے سے تنگ آ جائیں گے۔
بشریٰ انصاری نے مزید کہا کہ ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ جتنا اچھا وقت گزارنے کا موقع ملے ہمارے لیے وہ بہت ہے، اس پر خدا کی شکر گزار ہوں۔
واضح رہے کہ 2019 میں بشریٰ انصاری اور اقبال حسین کی شادی کے حوالے سے خبریں سامنے آئی تھیں، تاہم اس وقت دونوں شخصیات کی جانب سے ان خبروں کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی تھی،بعد ازاں بشریٰ انصاری نے 2020 میں اپنی طلاق پر کھل کر گفتگو کی اور 2023ء میں اپنی دوسری شادی کی تصدیق کردی لیکن اس وقت یہ نہیں بتایا تھا کہ ان کی شادی کس سے ہوئی ہے۔
بشریٰ انصاری کی پہلی شادی 1978ء میں پی ٹی وی کے پروڈیوسر اقبال انصاری سے ہوئی تھی جس کے 36 سال بعد انہوں نے طلاق لی ، دوسری جانب اقبال حسین کی پہلی شادی اداکارہ اور میزبان فرح حسین سے ہوئی تھی۔