’’گجنی 2‘‘ ایک ساتھ تامل اورہندی زبان میں بنے گی
عامر خان اور سوریہ اسکرپٹ کو حتمی شکل دینے کےلیے پروڈیوسر ایلو اروند سے بات چیت کررہے ہیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)بھارتی فلم ساز ایلو اروند نے عامرخان کی سپرہٹ فلم ’’گجنی‘‘ کے سیکوئل کا اشارہ دے دیا۔
ایلواروندکا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ’’گجنی 2‘‘ کو ایک ہی وقت میں ہندی اور تامل دونوں زبانوں میں بنایا جائے گا اور دونوں فلمیں ایک ساتھ ریلیز ہوں گی،بالی ووڈ کے"مسٹرپرفیکشنسٹ"عامر خان اور سوریہ مبینہ طور پر اسکرپٹ کو حتمی شکل دینے کےلیے پروڈیوسر ایلو اروند سے بات چیت کررہے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اداکار عامر خان اور تامل فلموں کے ہیرو سوریہ کو"گجنی 2" کا آئیڈیا پسند آیا ہے اور دونوں ہی اداکار فلم کے سیکوئل میں کام کرنے کےلیے راضی ہوگئے ہیں۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ میں پروڈکشن کے قریبی ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ عامر خان بھی "گجنی 2 "کی تیاری کے حوالے سے کچھ عرصے سے ایلو اروند کے ساتھ کام کررہے ہیں،اداکار فلم کے تامل ورژن کے ری میک پر کام کرنے کے بجائے تازہ اسکرپٹ کے طور پر کام کرنے کے خواہش مند ہیں۔
عامر خان اور سوریہ دونوں ہی کسی فلم کے ری میک کے طور پر کام کرنے کے حق میں نہیں ہیں کیونکہ وہ نہیں چاہتے کہ ان پر ری میک کا ٹیگ لگ جائے اس لیے ایلو اروند اور مدھو منتینا نے دونوں زبانوں میں"گجنی 2" کی ایک ساتھ شوٹنگ کا حل نکالا ہے جس کے لیے ایک ہی شیڈول اور ایک ساتھ بڑی اسکرین پر پیش کرنے پر بات چیت کی جارہی ہے۔
فلم ساز کے مطابق اگر سب کچھ منصوبے کے مطابق ہوتا ہے تو"گجنی 2" کا خاکہ 2025ء کے وسط تک مکمل ہوجائے گا،فلم کے لیے عامر خان اور سوریہ دونوں نے ہی ابتدائی طور پر حامی بھرلی ہے اور اب سب کچھ فائنل اسکرپٹ پر منحصر ہے۔
"گجنی "فلم کا تامل ورژن 2005 ءمیں ریلیز ہوا تھا جس میں سوریہ اور آسین نے اداکاری کی تھی جبکہ 2008 میں عامر خان کی فلم "گجنی" کا ہندی ورژن پردہ اسکرین پر سامنے آیا تھا جس نے باکس آفس پر بے پناہ کامیابی حاصل کی تھی۔