پولیو کےخلاف جنگ ایک چیلنج،ہرحالت میں شکست دینگے،وزیراعظم

عالمی شراکت داروں کے تعاون سے پولیو کیسز میں نمایاں کمی ہوئی ہے،شہبازشریف کاانسدادپولیومہم سے خطاب

Oct 24, 2024 | 16:24:PM
پولیو کےخلاف جنگ ایک چیلنج،ہرحالت میں شکست دینگے،وزیراعظم
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24نیوز)وزیراعظم شہبازشریف نے کہاہے کہ ہم پاکستان سے پولیو کے خاتمے کے عزم کا اظہار کرتے ہیں،پولیوکو ہر حالت میں شکست دینگے۔

انسداد پولیو کے عالمی دن پرانسداد پولیو مہم کا باضابطہ آغاز کردیاگیا،اس حوالے سے اسلام آباد میں ایک تقریب کاانعقادکیاگیا جس میں وزیراعظم شہباز شریف نے بھی شرکت کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عالمی شراکت داروں کے تعاون سے پولیو کیسز میں نمایاں کمی ہوئی ہے،پولیو کا مقابلہ کرنے کیلئے مربوط حکمت عملی وضع کی گئی ہے،ہم نے مل کر پولیو جیسے چیلنج کو شکست دینی ہے، جلد پاکستان پولیو فری ملک بنے گا،آج انسداد پولیو کے عالمی دن پر اس مرض کے مکمل خاتمے کے عزم کی تجدید کرتے ہیں،پاکستان کو پولیو سے پاک ملک بنانا ہمارا پختہ عزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ہیروز نے پولیو کے خلاف جنگ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، شہداء نےانتہائی مشکل حالات میں پولیو مہم میں فرائض کی ادائیگی کی،پولیو مہم میں شہید ہونے والے تاریخ میں اپنا نام رقم کرگئے،ان مجاہدوں اور ہیروز کو پاکستانی قوم یاد رکھے گی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے چاروں صوبوں میں 40کیسز رپورٹ ہوئے ہیں،انشاءاللہ 40کیسز کو اچھے طریقے سے ہینڈل کریں گے، پولیو کے خلاف جنگ ایک چیلنج ہے جسے ہم نے قبول کیا ہے،پولیو کے اثرات ہمارے ہمسایہ ملک افغانستان میں بھی ہیں۔

شہبازشریف نے کہا کہ انسداد پولیو کیلئے تعاون پر ڈبلیو ایچ او،یونیسیف اور بل اینڈ میلنڈاگیٹس فاؤنڈیشن کا خصوصی شکریہ ادا کرتا ہوں، ہم پولیو وائرس کا خاتمہ کریں گے، جب تک پولیو کو ہمیشہ کیلئے شکست نہ دے لیں چین سے نہیں بیٹھیں گے،اس مرتبہ بل گیٹس فاؤنڈیشن کے ساتھ سعودی عرب نے بھی انسداد پولیو کیلئے خطیر رقم مہیا کی ہے، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا دل سے شکر گزار ہوں،انہوں نے کئی سو ملین ڈالرز پولیو وائرس کے خاتمے کیلئے مہیا کیے،مجھے امید ہے یہ انسداد پولیو مہم کامیابی سے ہمکنار ہو گی اور پولیو کو ہمیشہ کے لیے پاکستان کی سرحدوں سے باہر نکال دیا جائے گا۔ 

وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پرانسداد پولیو مہم میں خدمات انجام دینے والے ورکرز میں شیلڈزبھی تقسیم کیں۔