کیٹامائن کا استعمال ڈیپریشن میں کمی کا باعث

Sep 24, 2022 | 12:56:PM

(ویب ڈیسک) ورجینیا میں کی جانے والی تحقیق کے مطابق یہ بات سامنے آئی ہے کہ کیٹامائن کا استعمال ڈیپریشن کے مریضوں کیلئے مفید ثابت ہوتا ہے۔ 
تحقیق امریکی ریاست آرلنگٹن میں کیٹامائن تھیراپی کرنے والے ایک کلینک مائنڈپیس کلینکس میں کی گئی۔ تحقیق سے معلوم ہوا کہ 70 فی صد افراد جنہوں نے یہ دوا استعمال کی ان کی ذہنی صحت میں بہتری آئی جبکہ 40 فی صد افراد نے بتایا کہ معمول کی 10 خوراکوں کے بعد ان مین ڈیپریشن کی کوئی علامات باقی نہیں تھیں۔

تحقیق کے مطابق ڈیپریشن کی باقی ادویات کے استعمال کے ساتھ ساتھ کیٹامائن کا استعمال ڈپریشن یا اینگزائٹی جیسی ذہنی کیفیات کے علاج میں فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے۔ کچھ کلینکس میں کیٹامائن کو آف لیبل (ایک بیماری کیلئے تجویز کردہ دوا کا کسی دوسری بیماری کا علاج کیلئے استعمال کرنا) استعمال کیا جارہا ہے۔ 

واضع رہے کہ کیٹامائن بیہوشی کیلئے استعمال کی جانے والی ایک دوا ہے۔ 

ماہرین کی ٹیم کا ماننا ہے کہ جن مریضوں پر دیگر اینٹی ڈپریسنٹ کام نہیں کرتیں ان کے لیے کیٹامائن مدد گار ثابت ہوسکتی ہے اور انتہائی خطرناک ذہنی اذیت میں مبتلا افراد کو فوری مگر قلیل مدتی راحت فراہم کرسکتی ہے۔تحقیق میں 400 افراد کا مطالعہ کیا گیا۔ تحقیق میں شامل ہر فرد نےاس سے قبل اپنے ڈپریشن یا خود کشی کی سوچ کا طبی علاج کرانے کی کوشش کر چکے تھے۔

تمام افراد کو ہر 21 دن میں 0.5 ملی گرام کی ایک خوراک دی گئی۔ جس کےبعد شرکاء نے بتایا کہ آیا وہ اب بھی ڈپریشن کی علامات محسوس کرتے ہیں یا نہیں۔ اور اگر کرتے ہیں تو اس کی شدت کتنی ہے۔دوا کی 10 خوراکوں کے بعد 72 فی صد شرکاء نے ڈپریشن کی شدت میں کمی بتائی۔ جبکہ 40 فی صد مریضوں میں کوئی علامت باقی نہیں رہی تھی۔محققین کا ماننا ہے کہ کیٹامائن کا محدود استعمال امریکا میں ذہنی صحت کے مسائل کی وباء سے نمٹنے میں مدد دے سکتا ہے۔

مزیدخبریں