(ویب ڈیسک ) عالمی شہرت یافتہ انٹرنیشنل ٹینس اسٹار راجر فیڈرر نے لیورز کپ میں یادگار رات کے دوران اپنے بین الاقوامی کیریئر کو آنسوؤں کے ساتھ الوداع کہہ دیا۔
لندن میں17 ہزار 500 تماشائیوں کے درمیان 41 سالہ راجر فیڈرر نے رافیل نڈال کے ہمراہ لیور کپ میں حریف امریکی جوڑی جیک ساک اور فرانسس ٹیافو کے خلاف میچ کھیلا۔ جس میں نڈال اور فیڈرر کی جوڑی کو شکست ہوئی۔میچ کے بعد راجر فیڈرر اپنے پروفیشنل کیریئر کو الوداع کہنے پر جذباتی ہوکر آبدیدہ ہوگئے، انہیں دیکھ کر رافیل نڈال بھی اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور ان کی آنکھوں میں آنسو آگئے۔20 گرینڈ سلیم جیتنے کے ساتھ ساتھ متعدد ریکارڈ اپنے نام کرنے والے فیڈرر نے کہا کہ یہ ایک شاندار دن تھا، میں افسردہ نہیں بلکہ خوش ہوں، میں اس مقام تک پہنچنے پر بہت خوش ہوں۔
ایک عرصے تک اعلیٰ سطح پر پیشہ ورانہ ٹینس نہ کھیلنے کے باوجود فیڈرر عمدہ کھیل پیش کرنے میں کامیاب رہے اور حریف جوڑی کے خلاف تقریباً فتح سمیٹ بھی لی تھی لیکن فیڈرر کے غلط فور ہینڈ شاٹ کے سبب انہوں نے یہ موقع گنوا دیا اور یورپ کی ٹیم یہ میچ ہار گئی۔اس کے ساتھ ساتھ کیریئر کا 1750واں میچ کھیلنے والے فیڈرر کا 25سالہ کیریئر اختتام کو پہنچا جنہیں موجودہ دور کا ٹینس کا عظیم ترین کھلاڑی تصور کیا جاتا ہے۔
میچ کے بعد گفتگو کے دوران اپنے آنسو روکنے کی کوشش کرتے ہوئے فیڈرر نے کہا کہ یہ ایک شاندار سفر رہا، میں یہ سب دوبارہ کرنا چاہتا ہوں۔سوئس اسٹار کا 25سال پر محیط بے مثال ٹینس کیریئر کسی بھی کھلاڑی کا خواب ہو سکتا ہے جہاں اس کیریئر کے دوران انہوں نے 8 ومبلڈن اوپن، 7 آسٹریلین اوپن، چار یو ایس اوپن اور ایک فرنچ اوپن ٹائٹل سمیت مجموعی طور پر 20 گرینڈ سلیم ٹائٹل اپنے نام کیے۔