(24 نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کاکہناہے کہ پنجاب کی حکومت مجھے اللہ تعالی نے دی ہے مخالفین پنجاب کی حکومت کا کچھ بھی بگاڑ نہیں سکتے،نواز شریف آتے ہی پکڑا جائے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے سیالکوٹ میں گرینڈ ایشین یونیورسٹی کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں بی اے تک تعلیم اور کتابیں فری کرنے کا اعلان کر دیا،وزیراعلیٰ نے تعلیمی شعبے کے ساتھ ساتھ ترقیاتی منصوبوں اور سیلاب زدگان کے حوالے سے انقلابی اقدامات کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
چودھری پرویز الٰہی نے کہاکہ جنوبی پنجاب کے 14 اضلاع میں لڑکیوں کو 300 روپے ماہانہ وظفیہ دیا جائے گا،سکولز میں قرآن مجید کی تعلیم لازمی قرار دینے کا اعلان کیا گیا،انکا کہنا تھا کہ بیرون ملک سے آنے والی امداد میں وفاق نے پنجاب کو کچھ نہیں دیا جبکہ عمران خان اور میری ٹیلی تھون کے ذریعے ڈھائی ارب روپے اکٹھا ہوا وہ تمام متاثرین کو دیں گے، وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاکہ فلڈ میں آرمی کے بعد سب سے زیادہ کام 1122 نے کام کیا، 1122 کو مزید گاڑیاں دیں گے اور ان کی خدمات کا دائرہ کار وسیع کریں گے۔
پنجاب حکومت کی تبدیلی کے حوالے سے انکا کہنا تھا کہ پنجاب کی حکومت مجھے اللہ تعالی نے دی ہے ،مخالفین پنجاب کی حکومت کا کچھ بھی بگاڑ نہیں سکتے، مہنگائی کے حوالے سے چودھری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ مہنگائی اور بجلی کے بلوں میں ہوشربا اضافے نے عوام کا جینا محال کر دیاہے،مہنگی بجلی کے بل عوام پھاڑ رہے ہیں،عوام کو دیگر سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے انکا کہنا تھا کہ تمام ایمرجینسسز فری کردی ہیں، ٹریفک وارڈن اور پٹرولنگ پولیس کا رسک الاؤنس ڈبل کردیا ہے۔
نواز شریف کی واپسی کے بارے انکا کہنا تھا کہ نواز شریف آتے ہی پکڑا جائے گا، ان پر مقدمات عمران خان نے نہیں بنائے،سیالکوٹ میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے وزیراعلیٰ نے پسرور کی دو رویہ تعمیر کیلئے 50 کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا، انکا کہنا تھا کہ سیالکوٹ کو آج ڈیڑھ ارب روپے کے منصوبے دے کر جارہا ہوں جو مکمل ہوں گے جبکہ سیالکوٹ میں انجینئرنگ یونیورسٹی بھی تعمیر کی جائے گی اور زرمبادلہ کو بڑھانے کیلئے ویلیو ایڈرڈ مصنوعات کیلئے آر اینڈ ڈی فراہم کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ایک ہی دن میں سونے کی قیمت میں بڑی کمی