(کومل اسلم) پنجاب کے مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا جس سے گرمی کی شدت میں کمی آگئی۔ پنجاب ،خطۂ پوٹھوہار،اسلام آباد، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اورکشمیر میں تیز ہواؤں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
شہر لاہور پر بادلوں کا راج، ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں بارش کا امکان موجود ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کم سے کم درجہ حرارت 23 جبکہ زیادہ سے زیادہ 31 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔ لاہور آلودہ شہروں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر آگیا ہے۔ شہر میں فضائی آلودگی کی شرح 127 ریکارڈ کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں تیز ہواؤں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں مطلع ابر آلود رہنے کی توقع ہے جبکہ چترال، دیر،سوات، مانسہرہ، شانگلہ ،بونیر، کوہستان، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، کوہاٹ،کرک، ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں ،لکی مروت، وزیرستان اور کرم میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ بالائی اضلاع میں چند مقامات پر موسلادھار بارش کی امید ہے۔
دوسری جانب بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا، شام یا رات میں ژوب ،بارکھان اور موسیٰ خیل میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا جبکہ ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔ کشمیر اورگلگت بلتستان میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم اے کی جانب سے تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کے لیے مراسلہ جاری کردیا گیا ہے،ڈی جی پی ڈی ایم اے نے تیزبارشوں اور ہواؤں کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات اٹھانے ، چھوٹی بڑی مشینری کی دستیابی یقینی بنانے اور برساتی نالوں کی نگرانی کی ہدایت دیدی۔
پی ڈی ایم اے کے جاری مراسلے کے مطابق صوبے کے بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے ،تیز بارشوں کے باعث چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بونیر، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔
مراسلے میں طوفان کی صورت میں عوام بجلی کی تاروں، بوسیدہ عمارتوں و تعمیرات، سایئن بورڈز اور بل بورڈز سے دور رہے، جبکہ حساس بالائی علاقوں میں سیاحوں اور مقامی آبادی کو موسمی حالات سے باخبر رہنے اور احتیاتی تدابیر کی ہدایت دی گئی ہیں۔