عمران خان کے بغیر انتخابات؛ تحریک انصاف کا نگران وزیراعظم پر شدید ردعمل آگیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(کفایت علی شاہ)پاکستان تحریک انصاف نے چیئرمین عمران خان کے بغیر انتخابات کے حوالے سے نگران وزیراعظم کے بیان پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان پی ٹی آئی نے کہاکہ نگران وزیراعظم کا بیان آئین و جمہوریت اور ملکی مفادات کے حوالے سے ریاستی ڈھانچے میں پائی جانے والی عدم حساسیّت کا مظہر ہے، تحریک انصاف پاکستان کی سب سے بڑی اور وفاقی سطح پر عوام کی واحد نمائندہ سیاسی جماعت ہے، مقبولیت کے تمام معیارات کے مطابق عمران خان بلاشرکت غیر ملک کے مقبول ترین سیاسی قائد ہیں۔
ترجمان کا کہناتھا کہ نگران وزیراعظم کو معلوم ہونا چاہئے کہ عمران خان یا تحریک انصاف کی شمولیت کے بغیر کروایا گیا کوئی بھی الیکشن غیرآئینی، غیرقانونی اور غیراخلاقی ہوگا جسے عوام ہرگز قبول نہیں کریں گے،غیرمعمولی عوامی تائید کی حامل سیاسی قیادت اور جماعتوں کو مصنوعی، غیرجمہوری اور غیرآئینی طریقوں سے انتخاب سے باہر کرنے کے نتائج ہمیشہ تباہ کن ہوا کرتے ہیں،دستور، قانون، جمہوریت اور اخلاق نگران وزیراعظم کو سیاست و انتخاب پر اثرا انداز ہونے کے کسی غیرفطری، غیرجمہوری اور غیرآئینی منصوبے کا حصہ بننے کی ہرگز اجازت نہیں دیتے۔
ترجمان تحریک انصاف نے کہاکہ انوارالحق کاکڑ اپنے بیان کی فوری وضاحت کریں اور بطور نگران وزیراعظم اپنی حکومت کو جمع تفریق کے شرانگیز منصوبوں سے مکمل الگ کریں۔
یہ بھی پڑھیں: ڈالر میں تجارت ختم، چین کا بڑا اعلان!