وزیر اعلیٰ پنجاب کاAvastin انجکشن کی فروخت روکنے اور سٹاک مارکیٹ سے اٹھائے کا حکم
Stay tuned with 24 News HD Android App
(درنایاب)وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے صوبے میں آشوب چشم کی وبا اور انجکشن Avastin کے استعمال سے بعض مریضوں کی بینائی متاثر ہونے کے واقعہ پرانکوائری رپورٹ آنے تک انجکشن کی فروخت روکنے اور سٹاک مارکیٹ سے اٹھائے کا حکم دیدیا۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا،اجلاس میں صوبائی وزراڈاکٹرجاوید اکرم، ڈاکٹرجمال ناصر، عامر میر، چیف سیکرٹری، سیکرٹری سکول ایجوکیشن،سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن، سیکرٹری اطلاعات، ماہرین امراض چشم ڈاکٹر اسد اسلم،ڈاکٹر ہما، ڈاکٹر خالد وحید، ڈاکٹر حامد ایوب اورمتعلقہ حکام نے شرکت کی،اجلاس میں آنکھ کے انجکشن سے بعض افراد کی بینائی متاثر ہونے کے واقعہ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی،امراض چشم کے ماہرین ڈاکٹرز نے انجکشن کے استعمال اور طریقہ کار کے بارے بریفنگ دی ،اجلاس میں آشوب چشم کی وباکی حفاظتی تدابیر اورسدباب کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا ۔
سیکرٹری صحت نے آشوب چشم کے مرض اور انجکشن کے باعث بعض مریضوں کی بینائی متاثر ہونے کے واقعہ پر بریفنگ دی ،وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ آشوب چشم کا مرض قابل علاج ہے، سرکاری ہسپتالوں میں علاج کی بہترین سہولتیں میسر ہیں،آشوب چشم کے علاج کے لئے ادویات کی تسلی بخش مقدار موجود ہے، سکولوں اور تعلیمی اداروں میں آشوب چشم میں مبتلا بچوں کواحتیاطی تدابیر کے پیش نظر گھر واپس بھیج دیا جائے،سیکرٹری صحت نے مزید بتایا کہ آفس یا رش والی جگہ پر آشوب چشم کے مریضوں کو داخل نہ ہونے دیا جائے،آشوب چشم کا مرض قریبی روابط سے پھیلتا ہے،انہوں نے کہاکہ بینائی ضائع ہونے کے زیادہ کیسز لاہور، ملتان،رحیم یار خان، خانیوال، قصور اور بہاولپور میں ہوئے،آنکھیں سرخ،پانی بہنا،سوجن،چبھن بیماری کی علامات ہیں،آشوب چشم میں مبتلا مریض متاثرہ آنکھوں پر ہاتھ نہ لگائیں۔
صوبے میں آشوب چشم کی وبا اور انجکشن Avastin کے استعمال سے بعض مریضوں کی بینائی متاثر ہونے کے واقعہ پروزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے انکوائری رپورٹ آنے تک انجکشن کی فروخت روکنے اور سٹاک مارکیٹ سے اٹھائے کا حکم دیدیا۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہاکہ پنجاب حکومت متاثرہ افراد کو فری علاج معالجہ فراہم کرے گی،وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاکہ جن شہروں میں مریضوں کی بینائی متاثر ہوئی ہے وہاں کے ڈرگ انسپکٹرز کے خلاف غفلت برتنے پر کارروائی کی جائے، انہوں نے پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کو متعلقہ کلینکس کی جانچ پڑتال کا بھی حکم دیدیا۔
محسن نقوی نے کہاکہ ہر سطح پر آشوب چشم کی وباکے سدباب کے لئے اقدامات یقینی بنائے جائیں،ہسپتالوں میں علاج کے لئے تربیت یافتہ ڈاکٹر کی موجودگی یقینی بنائی جائے۔