تیز ہواﺅں اور گرج چمک کیساتھ بارش،محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کردیا

Sep 24, 2023 | 21:38:PM

(روزینہ علی)محکمہ موسمیات نے وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے مختلف شہروں میں تیزہواﺅں اور گرج چمک کیساتھ بارش کی پیش گوئی کردی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پنجاب ،خطہ پوٹھوہار،اسلام آباد، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اورکشمیر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، اس دوران شما ل مشرقی پنجاب میں چند مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے انتباہ کرتے ہوئے کہاکہ مزید بارش کے باعث لاہور، گوجرانوالہ اور راولپنڈی کے چندنشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے، اس دوران مری،گلیات،کشمیر، گلگت بلتستان ، چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بونیر، مانسہرہ اور ایبٹ آبادمیں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا، تاہم صبح کے اوقات میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے، ادھر خیبرپختونخواکے بالائی اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چترال، دیر،سوات، مانسہرہ، شانگلہ،بونیر، کوہستان، ایبٹ آباد،ہری پور، پشاور، کوہاٹ، ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں ، وزیرستان اور کرم میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ مری ، گلیات ، راولپنڈی، اٹک، چکوال ، جہلم، سیالکوٹ، نارووال، گجرات، لاہور،قصور، گوجرانوالہ، حافظ آباد، فیصل آباد، خوشاب ، لیہ ،بھکر ، میانوالی، ساہیوال، اوکاڑہ، بہاولنگر، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان اور ملتان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے،اس دوران لاہور،قصور، شیخوپورہ، گوجرانوالہ اور گجرات میں چند مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم شام /رات میں ژوب ،بارکھان اور موسیٰ خیل میں چند مقا مات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے،سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اورخشک رہے گا۔ تاہم کشمیر اورگلگت بلتستان میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ڈالر میں تجارت ختم، چین کا بڑا اعلان!

مزیدخبریں