فواد خان بالی ووڈمیں واپسی کیلئے تیار،کس اداکارہ کے ساتھ جلوہ گر ہوںگے؟نام سامنے آگیا 

Sep 24, 2024 | 00:07:AM

 (24نیوز) پاکستان اور بھارت میں یکساں مشہور اداکار فواد خان بالی ووڈ میں واپسی کیلئے تیار ہیں اور اس مرتبہ وہ ایک اور اداکارہ کے ساتھ سکرین پر جلوہ گر ہوں گے۔ 

بھارتی میڈیا کے مطابق  2016 میں ریلیز  ہونے  والی بالی وڈ فلم 'اے دل ہے مشکل' کے بعد  فواد خان اب  بھارتی اداکارہ   ردھی ڈوگرا کے ساتھ بالی وڈ میں واپسی کے لیے تیار  ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ فواد خان بھارتی ٹی وی کی معروف اداکارہ  ردھی ڈوگرا کے ساتھ ایک رومانٹک اور کامیڈی فلم کریں گے، دیگر اداکاروں کا انتخاب ابھی ہونا باقی ہے،یہ پراجیکٹ ابھی ابتدائی مراحل میں ہے اور اس حوالے سے پیپر ورک حال ہی میں مکمل کیا گیا ہے، فلم ڈائریکٹر کا نام ابھی سامنے نہیں آیا ہے اور اسے خفیہ رکھا گیا ہے۔

 بھارتی میڈیا کے مطابق فلم کی شوٹنگ رواں سال کے آخر تک شروع ہوجائے گی اور 2025 کے آخر یا 2026 کے آغاز میں اسے سنیما میں نمائش کےلیے پیش کیا جاسکتا ہے،فواد خان اور ردھی ڈوگرا کی  فلم کی شوٹنگ  نیویارک اور لندن سمیت مختلف مقامات پر ہوگی۔

 یاد رہےکہ فواد خان نے 2014 میں سونم کپور کے ساتھ فلم 'خوبصورت' سے بالی وڈ میں ڈیبیو کیا تھا، اس  فلم میں بہترین اداکاری پر  انہیں فلم فیئر ایوارڈ بھی ملا تھا،بعدازاں اداکار نے فلم 2016 کی فلم'اے دل ہے مشکل' میں مختصر جب کہ 'کپور اینڈ سنز' میں مرکزی کردار  نبھایا تھا۔

خیال رہےکہ فواد خان کی بالی وڈ میں واپسی کی یہ خبر ایسے وقت سامنے آئی ہے جب تاریخ کی کامیاب ترین پاکستانی فلم لیجنڈ آف مولا جٹ کی بھارت میں نمائش کی خبر سے بھارتی انتہا پسند آگ بگولا ہوگئے ہیں اور فلم کی ریلیز رکوانےکے لیے دھمکیوں پر اتر آئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:ہالی ووڈ کے معروف اداکار کو روم فلم فیسٹیول میں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ ملےگا
 

  

مزیدخبریں