گرج چمک کیساتھ بارش ، محکمہ موسمیات نے اہم پیشگوئی کردی

Sep 24, 2024 | 09:28:AM

(24 نیوز)محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں  میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی۔

خیال رہے کہ گزشتہ کچھ دنوں سے ملک بھر میں ایک بار پھر گرمی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے، دن کے اوقات میں جون جولائی کی گرمی کا احساس ہوتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اورخشک رہنے کا امکان ہے تاہم شام/رات میں کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر گرج چمک اور بارش ہونے کا امکان ہے۔

اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم گرم اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے، پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گاتاہم مری، گلیات اور گرد و نواح میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ رات کو تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں :آئی فون خریدنے کے خواہشمند افراد کیلئے خوشخبری

خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ میدانی اضلاع میں گرم رہنے کا امکان ہے تاہم ایبٹ آباد، مانسہرہ میں رات میں تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔

بلوچستان اور سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے تاہم سندھ کے ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ بعض مقامات پر ہلکی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

کشمیر میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ گلگت بلتستان میں موسم خشک اور مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔

مزیدخبریں