انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے لیے پاکستانی سکواڈ کا اعلان

Sep 24, 2024 | 22:35:PM
انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے لیے پاکستانی سکواڈ کا اعلان
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سلیکٹرز نے انگلینڈ کے خلاف ملتان میں 7 سے 11 اکتوبر تک ہونے والے پہلے ٹیسٹ کے لیے 15 کھلاڑیوں پر مشتمل اسکواڈ کا اعلان کردیا۔

 پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ  ملتان میں 7 سے 11 اکتوبر تک کھیلا جائے گا، ٹیسٹ سکواڈ میں  نعمان علی  اور عامرجمال  نے کم بیک کیا، پاکستانی سکواڈ میں شان مسعود (کپتان)  سعود شکیل (نائب کپتان)  عامر جمال، عبداللہ شفیق، ابرار احمد، بابر اعظم، میر حمزہ، محمد ہریرہ، محمد رضوان (وکٹ کیپر) نسیم شاہ، نعمان علی، صائم ایوب، سلمان علی آغا، سرفراز احمد (وکٹ کیپر) اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں، بنگلہ دیش کے خلاف  سکواڈ  میں شامل کامران غلام اور محمد علی بدستور  سلیکٹرزکے پلان میں  شامل ہیں۔

کامران غلام اور محمد علی جو بنگلہ دیش کےخلاف سیریز میں ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ تھے سلیکٹرز کی پلاننگ میں مضبوطی سے قائم ہیں۔ تاہم  سلیکشن پالیسی میں مستقل مزاجی اور تسلسل پر زور دینے کی وجہ سے اور اس یقین کی وجہ سے کہ ایک ٹیسٹ کے لیے 15 کھلاڑی کافی ہیں، انہیں چیمپیئنز ون ڈے کپ اور تین اکتوبر سے شروع ہونے والے پریذیڈنٹ کپ میں اپنی ٹیموں کی نمائندگی جاری رکھنے کا مشورہ  اور حوصلہ افزائی کی گئی ہے تاکہ وہ مسابقتی کرکٹ کے ذریعے  تیار رہیں، 15 ٹیسٹ میچوں میں 47 وکٹیں لینے والے بائیں ہاتھ کے سپنر نعمان علی نے  انجرڈ فاسٹ بولر خرم شہزاد کی جگہ لی۔

 سکواڈ کے اعلان کے بعد  ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی کی تجویز پر  منتخب کھلاڑیوں کو چیمپئنز ون ڈے کپ کے پلے آف سے دستبردار کر دیا گیا ہے تاکہ انہیں سیریز سے قبل کچھ آرام مل سکے، سکواڈ پیر 30 ستمبر کو ملتان میں رپورٹ کرے گا جہاں  تربیتی کیمپ یکم اکتوبر سے شروع ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: عالمی کراٹے چیمپئن شاہ زیب رند پر انعامات کی برسات

اس موقع پر پاکستان مینز ریڈ بال ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی نے کہا کہ مصروف ڈومیسٹک اور بین الاقوامی کرکٹ شیڈول کے ساتھ  یہ سمجھ میں آتا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل اپنے کھلاڑیوں کو آرام کی ضرورت ہے، ہم یہاں انگلینڈ کے خلاف پاکستان میں سیریز کا بے حد انتظار کر رہے ہیں، ہم اپنے جوشیلے فینز کے سامنے کھیلنے کے لیے پرجوش ہیں۔

واضح رہے کہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان کے دوران 7 اکتوبر سے 28 اکتوبر تک 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی جن میں سے پہلے 2 میچ ملتان اور تیسرا راولپنڈی میں شیڈول ہے۔