(24نیوز) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ دنیا بھر کے حکمران اپنے عوام کے فائدے کا سوچتے ہیں اور عمران خان چندہ لینے کی نئی ترکیبوں پر غور کرتے ہیں۔ جب حکمران خود چور ہوتا ہے تو ملک میں مافیا بے لگام ہوکر زیادہ منافع کے حصول کے لئے ہر چیز مہنگی کردیتا ہے۔
کراچی میں میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میڈیکل اسٹورز پر پیسے کم ہونے کی وجہ سے دوا خریدے بغیر واپس جانے والے غریب کی آواز بننا سیاسی پوائنٹ اسکورنگ نہیں ہے، ادویات کی قیمتوں میں سو فیصد سے زائد اضافہ عام آدمی سے زندگی کا حق چھین لینے کے مترادف ہے، وزیراعظم ہاؤس کے ٹھنڈے کمرے میں بیٹھ کر عمران خان کو ان والدین کی تکلیف کا کوئی احساس نہیں جو بچوں کے سکول کی فیس تک ادا نہیں کر پا رہے، وزیراعظم صاحب، ملک میں مہنگائی بلند ترین سطح کو چھورہی ہے، کیا اب ہم تھوڑا سا گھبرالیں؟۔ مہنگائی کے خاتمے کے دعویدارعمران خان کرائے کے گھر میں رہنے والے عام آدمی کا مہینے کا بجٹ بنا کر دکھا دیں، اس وزیراعظم کے ہوتے کوئی ایک عید ایسی نہیں گزرے گی جس میں مہنگائی کی وجہ سے نئے کپڑے بنانا بھی ایک گھرانے کیلئے آسان ہو، کرپشن کے خلاف مہم کا جھانسہ دے کر عوام کو چینی کے حصول کیلئے لمبی قطار میں کھڑا کردیا گیا ۔
انہوں نے مزید کہا کہ لنگر خانے کھولنے سے غربت ختم نہیں ہوگی، آپ کو کچھ کرکے دکھانا ہوگا، آپ نے آٹے کے 20 کلو کے تھیلے پر 68 روپے زیادہ دینے والے عام آدمی کو روٹی کے نوالے تک سے محروم کرنے کی کوشش کی۔ آئی ایم ایف کے حکم پر ٹیکسوں کا بوجھ لادنے والے سلیکٹڈ وزیراعظم کے جرائم کو عوام کبھی معاف نہیں کریں گے۔عمران خان مہنگائی پر قابو نہ پانے کی ذمہ داری لیں اور استعفی دے کر گھر جائیں۔اگر 3 سال تبدیلی کیلئے کم ہیں تو 8 سالوں میں خیبرپختونخوا میں سرکاری ہسپتالوں کے مہنگے علاج کے علاوہ اور کیا تبدیلی آئی؟
یہ بھی پڑھیں: تحریک انصاف کو ایک اور دھچکا۔۔اہم شخصیت پیپلز پارٹی میں شامل