تیسرا ٹی 20، پاکستان کا زمبابوے کو 164 رنز کا ہدف

Apr 25, 2021 | 13:50:PM

(24 نیوز) پاکستان اور زمبابوے کے مابین ہرارے میں کھیلے جا رہے فیصلہ کن ٹی ٹونٹی میں شاہینوں نے میزبان ٹیم کو 164 رنز کا ہدف دیا ہے۔

 فیصلہ کن معرکہ  کے آغاز پر اوپنرز محمد رضوان اور شرجیل خان میدان میں اترے، زمبابوین باولرز شروع سے ہی سکور روکنے کی کوشش میں نظر آئے تاہم چوتھے اوور کے اختتام تک دونوں بلے بازوں نے 4 باونڈری شاٹس کی مدد سے 28 سکور بنا لئے۔ اوپننگ پارٹنر شپ زیادہ دیر نہ چل سکی اور شرجیل خان جانگوے کی بال پر مزربانی کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے، انہوں نے 18 رنز بنائے۔ کپتان بابر اعظم آئے اور چھا گئے، انہوں نے 46 گیندوں پر 52 رنز بنائے، اس طرح ٹی 20 میں تیز ترین 2 ہزار رنز بنانے کا اعزاز اپنے نام کیا۔ بابر اعظم نے 54 میچوں میں 2 ہزار رنز مکمل کئے ہیں جبکہ ویرات کوہلی نے 56 میچز میں 2 ہزار رنز بنائے تھے۔ کپتان اپنا اعزاز پانے کے بعد آخری اوور میں آوٹ ہوئے۔ فخر زمان صفر پر پویلین لوٹ گئے۔ محمد رضوان 6 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 89 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ یوں 3 وکٹوں کے نقصان پر شاہینوں نے اوورز کے اختتام پر 163 رنز بنائے۔

قبل ازیں ٹاس جیتنے پر بابر اعظم کا کہنا تھا کہ تیسرے ٹی 20 کیلئے قومی ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں، آصف علی، دانش عزیز اور ارشد اقبال کو آؤٹ کر کے شرجیل خان، سرفراز احمد اور حسن علی کو شامل کیا گیا ہے۔ کوشش ہو گی زیادہ سے زیادہ سکور کریں۔یاد رہے کہ گذشتہ میچ میں قومی شاہینوں نے انتہائی مایوس کھیل کھیلا، 119 رنز کا آسان ہدف مشکل ترین ثابت ہوا۔ بیس اوور بھی نہ کھیل سکے، آٹھ بلے باز ڈبل فگر تک بھی نہ جا پائے۔ کپتان بابر اعظم بھی ہار پر نالاں ہوئے اور عزم ظاہر کیا کہ تیسرے ٹی ٹونٹی میچ میں کم بیک کریں گے اور سیریز جیتیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: 7سالہ بیٹے کے ساتھ عریاں تصویر، افریقی اداکارہ  90 دن جیل میں گزارے گی

مزیدخبریں