(24نیوز)ٹوکیومیں جاپانی پولیس نے ایسے شخص کو گرفتار کیا جو ایک ہی وقت میں 35 الگ الگ خواتین سے عشق لڑا کر قیمتی تحفے بٹور رہا تھا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق جاپان کے علاقے کنسائی کا 39 سالہ رہائشی تاکاشی میاگی پچھلے دو سال سے خواتین کو اپنی محبت کے جال میں پھنسا کر ان سے قیمتی تحفے تحائف اینٹھ رہا تھا۔
مبینہ طور پر اس نے اپنی کارروائیوں کا سلسلہ تب شروع کیا جب وہ غسل خانے اور شاور سے متعلق مصنوعات بنانے والی ایک کمپنی کی مختلف چیزیں گھر گھر جا کر فروخت کیا کرتا تھا جو عام طور پر خواتین کےلئے ہوتی تھیں۔اس بات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے تاکاشی میاگی نے خاص طور پر ادھیڑ عمر خواتین کو دوست بنانا شروع کیا جن میں سے بیشتر یا تو غیر شادی شدہ تھیں یا پھر اُن کی ازدواجی زندگی میں کڑواہٹ گھلی ہوئی تھی۔
تاکاشی میاگی نے ان میں سے ہر خاتون کو یقین دلایا کہ وہ اس سے پوری طرح مخلص اور سچا دوست ہے۔ان خواتین کی عمریں 40 سے 47 سال تک بتائی گئی ہیں جبکہ جاپانی پولیس کا کہنا ہے کہ ان کی تعداد کم از کم 35 ہے۔میاگی نے ان میں سے ہر خاتون کو اپنی مختلف تاریخِ پیدائش بتائی اور اپنی سالگرہ کے بہانے ان سے قیمتی تحفے تحائف لیتا رہا۔ کسی خاتون کو اس نے اپنی تاریخِ پیدائش 22 فروری بتائی تو کسی کو 6 جولائی کسی کو مارچ تو کسی کو دسمبر۔ پولیس کے مطابق وہ ان تمام عورتوں سے مجموعی طور پر ایک لاکھ ین (ڈیڑھ لاکھ پاکستانی روپے) مالیت کے تحائف لے چکا ہے جن میں میں تقریباً 30 ہزار ین جتنی مالیت کا ایک قیمتی سوٹ بھی شامل ہے۔دلچسپی کی بات یہ ہے کہ میاگی کو پکڑوانے کےلئے اس کی جھوٹی محبت کا نشانہ بننے والی خواتین نے پولیس کے ساتھ مل کر منصوبہ بندی کی کیونکہ وہ اس مسٹر فراڈیئے سے واقف ہوچکی تھیں اور اسے کیفرِ کردار تک پہنچانا چاہتی تھیں۔
یہ بھی پڑھیں: 7سالہ بیٹے کے ساتھ عریاں تصویر، افریقی اداکارہ 90 دن جیل میں گزارے گی