کراچی اور حیدرآباد کے کئی علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاﺅن نافذ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے تناظر میں کراچی کے ضلع وسطی کے 4 ٹاﺅنز میں مائیکر اسمارٹ لاک ڈاﺅن لگا دیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق 4 ٹاﺅنز میں لگائے گئے مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاﺅن کا نفاذ فوری طور پر ہوگا، جو 8 مئی تک جاری رہے گا۔ مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاﺅن گلبرگ، نارتھ کراچی، لیاقت آباد اور نارتھ ناظم آباد کے رہائشی یونٹس میں لگایا گیا ہے۔
متاثرہ علاقوں کے مکینوں کی غیر ضروری نقل و حرکت پر پابندی لگادی گئی ہے۔ ان متاثرہ علاقوں میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری اور فیملی اجتماع پر بھی پابندی ہوگی۔ علاقے میں پبلک اجتماعات، لوگوں کے جمع ہونے پر پابندی ہوگی۔ ضروری اشیا کی دکانیں 24 گھنٹے کھلی رہیں گی، جب کہ کاروبار اور دفاتر بند رہیں گے۔اس دوران لوگوں کو گھروں میں رہنے کا پابند کیا جائے گا۔ صرف ضروری اشیا کیلئے ہی لوگوں کو گھروں سے نکلنے کی اجازت ہوگی۔ اس موقع پر ماسک کا استعمال لازمی ہوگا۔
ادھرسندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدر آباد میں بھی کورونا وائرس کے باعث 17 سے زائد علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاﺅن لگانے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔اسمارٹ لاک ڈاﺅن5مئی تک لگایا گیا ہے۔
اسمارٹ لاک ڈاﺅن جن علاقوں میں لگایا گیا ہے ان میں لطیف آباد کی یو سی نمبر 1 کا علاقہ حسین آباد، یو سی 8 امانی شاہ کالونی، مہر علی سوسائٹی، قاسم آباد یو سی 1 سحرش نگر، ریونیو ہاوسنگ سوسائٹی، قاسم آباد یو سی 2 پکوڑا اسٹاپ، انڈس گیس سوسائٹی، یو سی نمبر 3 کے علاقے عبداللہ پلازہ گوسپل ہومز، جی ایم بی بینگلوز، بختاور ویوز، پرنس ٹاون، گلشن سوسائٹی، یو سی 4 گلستانِ سجاد، یو سی 5 اسری یونیورسٹی ہوسٹل، ڈیپلائی میمن سوسائٹی شامل ہیں۔دیہی ٹنڈوجام کے علاقے میر کالونی اور SAU کالونی ٹنڈو جام بھی اسمارٹ لاک ڈاﺅن کی زد میں آئیں گے۔جن علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاﺅن لگایا گیا ہے وہاں ماسک کے بغیر آمد و رفت کی اجازت نہیں ہو گی۔اسمارٹ لاک ڈاﺅن کے دوران تمام کاروباری اور تجارتی مراکز مکمل بند رہیں گے، تاہم استثنیٰ والے کاروبار کھولنے کی اجازت ہو گی۔واضح رہے کہ حیدرآباد میں کورونا وائرس کی بڑھتی ہوئی شرح اور مریضوں کی تعداد میں اضافے کے باعث اسمارٹ لاک ڈاﺅن لگایا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں۔پیپلزپارٹی کا این اے 249 کا انتخابی جلسہ ملتوی کرنے کا اعلان