سپریم کورٹ میں حکومتی معاشی پالیسیوں کیخلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر 

Apr 25, 2021 | 19:52:PM

(24 نیوز)سپریم کورٹ میں حکومتی معاشی پالیسیوں کیخلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی گئی،جسٹس عمر عطا بندیال نے رجسٹرار آفس کے اعتراضات کیخلاف اپیل منظور کی ،درخواست شہری محمد زبیر خان نے دائر کر رکھی ہے ۔
درخواست میں وفاق صدر مملکت ،سابق مشیر حفیظ شیخ ،گورنر سٹیٹ بینک اور دیگر کو فریق بنایا گیاہے، درخواست میں موقف اختیار کیاگیاہے کہ حفیظ شیخ، گورنر سٹیٹ بینک ، ڈپٹی گورنر سٹیٹ بینک کا تقرر آئین اور قانون کے منافی ہے،بھاری قرضہ جات کے حصول کیلئے آئینی حد سے تجاوز کیا گیا۔
درخواست میں مزید کہاگیاہے کہ روپے کی قدر میں کمی سے سود بڑھا جس سے قرض کی رقم میں اضافہ ہوا،اضافہ شدہ قرض کی ادائیگی کیلئے آئین میں مقرر کردہ حد سے زائد قرضے لئے گئے، لئے گئے قرضوں کا حجم بجٹ کے چونسٹھ فیصد سے تجاوز کر گیا، درخواست میں کہاگیاہے کہ غلط فیصلوں کے نتیجے میں فارن ریزروز 18 بلین سے کم ہو کر سات بلین رہ گئے، سعودی عرب اور چائنہ سے بھاری شرح سود پر قرض لینا پڑا،معیشت کیلئے کئے گئے فیصلے آئین کی شق 3,4,9،14،18،25،29 اور 38 سے متصادم ہیں،عدالت غلط فیصلے کرنے والے ذمہ داروں کے تعین کاحکم دے،عدالت غلط فیصلوں کی تصحیح کرنے کا حکم جاری کرے،عدالت غلط فیصلوں سے ذاتی مفاد حاصل کرنے والوں کیخلاف کاررائی کا بھی حکم دے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران چاہتے تو مشرف سے سمجھوتہ کر کے وزیراعظم بن سکتے تھے۔فواد چودھری

مزیدخبریں