کورونامثبت کیسز کی شرح15 فیصد ہوئی تو نظام صحت بیٹھ جائیگا، فواد چودھری

Apr 25, 2021 | 23:31:PM

(24نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان میں کورونا کی شرح 11 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہ شرح15 فیصد تک پہنچ گئی تو صحت کا نظام بیٹھ جائے گا۔
پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا کہ گزشتہ48 گھنٹوں کے دوران اہم اقدامات اٹھائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایس او پیز پر عملدرآمد کرانے کیلئے پاک فوج کو بلایا ہے۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ ہوٹلوں میں آوٹ ڈور پر بھی پابندی لگانے جا رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ پاکستان میں 17 لاکھ افراد کو ویکسین لگ چکی ہے جبکہ حکومت کا ہدف 2 کروڑ 60 لاکھ افراد کی ویکسی نیشن کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت طویل المدت میں10 کروڑ افراد کو ویکسی نیشن کرنا چاہتی ہے۔
فواد چودھری نے بتایا کہ پاکستان میں کورونا کا پہلا کیس 26 فروری کو رپورٹ ہوا تھا اور جب پہلا کیس رپورٹ ہوا تو پاکستان کے پاس کچھ اپنا نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ماسک، سینی ٹائزر اور دیگر چیزیں باہر سے منگوائی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک سال پہلے تیاری نہیں کرتے تو آج پاکستان میں بھارت جیسی صورتحال ہوتی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس ضمن میں وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سمیت دیگر اداروں نے اہم کردار ادا کیا اور ہم نے پہلی اور دوسری لہر کا بہتر طریقے سے مقابلہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے نے 10 لاکھ کورونا ویکسین لانے کا مشن مکمل کرلیا

مزیدخبریں