حکومت نے آئی ایم ایف کا پٹرول اور بجلی پر سبسڈی ختم کرنے کا مطالبہ تسلیم کرلیا

Apr 25, 2022 | 00:46:AM
پاکستان، تیل اور بجلی، سبسڈی، واپس لینے، آئی ایم ایف، مطالبہ، تسلیم کرلیا،
کیپشن: پاکستان ،آئی ایم ایف
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)پاکستان نے تیل اور بجلی پر سبسڈی واپس لینے کا عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کا مطالبہ تسلیم کرلیا جس کے بعد ملک میں پیٹرول، ڈیزل اور بجلی مزید مہنگی ہوجائے گی۔
رپورٹ کے مطابق امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں آئی ایم ایف اور پاکستان کے درمیان سائیڈ لائن میٹنگ ہوئی جس میں قرض پروگرام کی توسیع سمیت کئی معاملات زیر بحث آئے۔ذرائع کے مطابق پاکستان آئی ایم ایف سے تکنیکی سطح پر بات چیت آئندہ ہفتے شروع کرے گا جبکہ آئی ایم ایف سٹاف سطح پر مذاکرات مکمل کرنے کیلئے مئی کے وسط میں خصوصی مشن پاکستان بھیجے گا۔
آئی ایم ایف نے مطالبہ کیا کہ پاکستان آئی ایم ایف کے ساتھ پروگرام میں طے شدہ شرائط پوری کرے اور سبسڈیز جلد سے جلد واپس لیکر دسمبر میں طے کردہ اہداف میں تبدیلی کے اعداد کا جائزہ لے البتہ پاکستان پسماندہ طبقے کیلئے سبسڈیز جاری رکھ سکتا ہے۔آئی ایم سے مذاکرات میں اتفاق ہوا ہے کہ سابقہ حکومت کی فیول، تیل اور بجلی پر سبسڈی واپس لی جائے گی اور آئی ایم ایف جائزہ مشن پاکستان آنے سے قبل تیل اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ساتویں اقتصادی جائزہ پراتفاق ہونے کے بعد آئی ایم ایف بورڈ کو بھجوایا جائے گا جس کے بعد آئی ایم ایف بورڈ پاکستان کو اگلی قسط کی منظوری دے گا۔ انٹرنیشنل مونیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کا کہنا تھا کہ پاکستان دسمبر میں طے شدہ ٹارگٹ سے کم سے کم انحراف کرے کیوں کہ آئی ایم ایف بجٹ کیلئے مجموعی حکمت عملی پر اتفاق چاہتا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان سٹیٹ بینک کی خود مختاری اور اقتصادی و معاشی اصلاحات پر بھی اتفاق ہوا ہے۔
اس کے علاوہ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے واشنگٹن میں عالمی بینک کے نائب صدر، ایم ڈی اور آئی ایم ایف کی ڈپٹی ایم ڈی سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کی ہیں جس میں معاشی صورتحال اور قرض پروگرام کی بحالی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کیلئے آئندہ بجٹ میں عوام کو ریلیف دینا سب سے بڑا چیلنج ہے آئی ایم ایف کی جانب سے سابقہ حکومت کی جانب سے پیٹرول، ڈیزل اور بجلی پر دی گئی سبسڈی کے خاتمے کا مطالبہ کیا گیا ہے تاہم آئی ایم ایف نے حکومت پاکستان کو غربا، مستحق اور پسماندہ طبقے کیلئے سبسڈیز جاری رکھنے پر اور صحت کارڈ کے تحت سہولیات و بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام پر کوئی اعتراض نہیں کیا ہے۔
واضح رہے کہ آئی ایم ایف کا توسیع شدہ پروگرام ستمبر میں ختم ہو رہا ہے جسے پاکستان نے ایک سال بڑھانے کی درخواست کی ہے، جس پر آئی ایف ایم نے آج شرائط پوری کرنے کی یقین دہانی کے بعد پروگرام کو ایک سال کیلئے توسیع دینے پر رضامندی ظاہر کردی۔

یہ بھی پڑھیں: سرکاری ملازمین کی موجیں لگ گئیں، عیدالفطر پر 9 چھٹیوں کا اعلان