نئی نسل کے لئے بہتر پاکستان چھوڑ کر جانا ہے۔۔ عمران خان

Aug 25, 2021 | 13:20:PM

 (24 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں جنگلات کو اپنی آٰنکھوں سے تباہ ہوتے دیکھا ہے ،اسمارٹ جنگل راوی ریور پراجیکٹ  سینسرز اور نگرانی کے نظام سے لیس ہوگا۔

 تفصیلات کے مطابق اسمارٹ جنگل کے افتتاح کی تقریب سے وزیراعظم عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور میں ماحولیات کی تباہی دیکھی، پاکستان سے جیسے جیسے جنگلات کا خاتمہ ہوا جانور بھی چلے گئے، لاہورمیں میٹھا پانی تھا، لوگ نلکوں سے پانی پیتے تھے، آج لاہور میں ماحولیاتی تبدیلی سے پانی کا لیول نیچے جا رہا ہے۔

 عمران خان کا کہنا تھا کہ راوی ریور پراجیکٹ لاہور ہی نہیں، پاکستان کیلئے بھی اہم ہے، آلودگی سے بچوں اور بزرگوں کی جانیں خطرے میں ہیں، ن لیگ کی حکومت میں بھی یہ پراجیکٹ نہیں بنایا گیا، سارے لاہور کے سیوریج کا پانی دریائے راوی میں جا رہا ہے، راوی میں جانیوالا سیوریج کا پانی سندھ تک جاتا ہے، پوری دنیا میں پانی کا مسئلہ آنے والا ہے۔

 وزیراعظم نے مزید کہا کہ اسمارٹ لاک ڈاؤن کے بعد اب اسمارٹ فارسٹ بن رہا ہے، ٹیکنالوجی کے استعمال سے پودوں کی نشونما بھی مانیٹر کرسکیں گے، سینسرز سے پتہ چل جائے گا کہاں پر درخت کاٹا جا رہا ہے۔

 وزیراعظم نے  تقریب سے قبل پودا لگا کر پاکستان کے پہلے اسمارٹ جنگل کا افتتاح کیا۔ عمران خان کو رکھ جھوک اسمارٹ جنگل پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، شہباز گل بھی موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا کہ وزیراعظم کا وژن ہے کہ پاکستان کو سرسبز و شاداب بنانا ہے، 24 ہزار کنال پر نیا جنگل لگایا جائے گا، 24 ہزار کنال پر چینی کمپنی ہواوے کی پارٹنرشپ سے اسمارٹ جنگل لگایا جائے گا، جنگل میں سینسرز اور کیمراز لگائے جائیں گے، راوی ریور منصوبہ 24 ہزار کنال پر محیط ہے، منصوبے کو 60 ہزار کنال تک بڑھایا جائے گا، منصوبے پر 3 ارب روپے لاگت آئے گی۔

اس موقع پروزیر مملکت فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ ‏پاکستان کے پہلا سمارٹ جنگل راوی ریور فرنٹ سٹی رکھ جھوک میں اہم سنگ میل ہے، ہواوے کی جدید ٹیکنالوجی سے درختوں کی نشونما اور جنگلی حیات کی افزائش میں مدد حاصل ہوگی، 24 ہزار کینال جگہ پر 1 کڑور درخت لگیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:نوجوان کو خاتون سیاح کے ساتھ زبردستی سیلفی بنا نا مہنگا پڑھ گیا

مزیدخبریں