سیلاب متاثرین، جاں بحق ہونیوالے ہر شخص کے ورثا کو 10 لاکھ روپے ملیں گے: راجہ بشارت
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) پنجاب حکومت نے سیلاب میں جاں بحق افراد کے ورثا کیلئے امدادی پیکج میں اضافے کا اعلان کر دیا، وزیر پارلیمانی امور راجہ بشارت نے کہا کہ سیلاب متاثرین کو مشکل کی اس گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
لاہور میں وزارتی ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے راجہ بشارت کا کہنا تھا کہ جاں بحق ہونیوالے ہر شخص کے ورثا کو 10 لاکھ روپے، پکا مکان مکمل تباہ ہونے پر 4 لاکھ روپے دیئے جائیں گے،انتہائی زخمی شخص کو 3 لاکھ روپے، شدید زخمی کو ایک لاکھ اور معمولی زخمی افراد کو بالترتیب ایک لاکھ اور 50 ہزار روپے ملیں گے، امدادی پیکج کے تحت متاثرین کو فوری ادائیگی کی جائے گی۔
راجہ بشارت کا کہنا تھا کہ جزوی پکے مکان کے نقصان پر امدادی رقم 40 ہزار سے بڑھا کر 2 لاکھ روپے کر دی گئی ہے جبکہ مکمل کچے اور جزوی کچے مکان کو نقصان پر بالترتیب 2 لاکھ اور 50 ہزار روپے ملیں گے، اس کے علاوہ بڑے مویشی کی ہلاکت پر 50 ہزار، بھیڑ بکری کی ہلاکت پر 5 ہزار دینے کی تجویز ہے جبکہ فصلوں کے نقصان پر ساڑھے 12 ایکڑ تک فی ایکڑ 15 ہزار روپے دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے،عوامی مسائل کا خاتمہ کرنے کےلئے دن رات کوششیں جاری رکھیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: مریم نواز نے بڑا فیصلہ کرلیا
خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہیٰ سےپی ٹی آئی کے رہنما سابق وفاقی وزیر پرویز خٹک نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا،ملاقات میں راجن پور، تونسہ، ڈی جی خان کے سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا،اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے تمام اداروں کو متحرک کر دیا ہے اور ان کی بحالی کیلئے خصوصی امدادی پیکج کا اعلان کرتے ہیں، متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دے کر آبیانیہ اور مالیہ معاف کر دیا ہے ۔