عمران خان کی عبوری ضمانت منظور، گرفتاری سے روک دیا

Aug 25, 2022 | 11:39:AM

(ویب ڈیسک) انسداد دہشتگردی کی عدالت نے خاتون جج اور پولیس افسران کو دھمکیاں دیئے جانے کے کیس میں عمران خان کی یکم ستمبر تک عبوری ضمانت منظور کرلی۔

 اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت میں عمران خان کی ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ وکیل بابر اعوان نے موقف اپنایا کہ مجسٹریٹ علی جاوید نے عمران خان کے خلاف مقدمہ درج کرایا، مقدمہ کے مطابق عمران خان کی تقریر سے تین لوگوں کو دھمکیاں دی گئیں، مقدمہ کے مطابق جج زیبا چوہدری، آئی جی اور ایڈیشنل آئی جی کو دھمکی دی گئی، تینوں میں سے کوئی ایک بھی مقدمہ میں مدعی نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں:این اے 157: پی ٹی آئی امیدوار مہر بانو قریشی کو بڑی حمایت مل گئی

وکیل بابر اعوان نے اپنے دلائل میں کہا کہ عمران خان نے اس عدالت میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دی ہے۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے یکم ستمبر تک گرفتاری سے روک دیا۔

خیال رہے خاتون جج اور پولیس افسران کو دھمکیاں دیئے جانے کے کیس میں عمران خان کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے 3 دن کے اندر ٹرائل کورٹ میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا، جس کے بعد حفاظتی ضمانت کا آج آخری دن تھا۔

 عمران خان کی پیشی کے موقع پر جوڈیشل کمیشن کے اطراف سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے اور چاروں جانب کی سڑکیں بند کر کے متبادل راستے بنائے گئے۔ عدالت میں کسی غیر متعلقہ شخص کو داخلے کی اجازت نہیں جب کہ پولیس نے  میڈیا کے داخلے پر بھی پابندی عائد کی تھی۔

سکیورٹی حکام کے مطابق پولیس اور ایف سی کے 400 اہلکار بھی تعینات کیے گئے۔

مزیدخبریں