(ویب ڈیسک) اسٹیٹ بنک آف پاکستان کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ جولائی میں کم ہو کرایک ارب 20 کروڑ ڈالر ہوگیا جو جون میں 2 ارب 20 کروڑ ڈالر تھا۔ ایسے یہ ماہانہ خسارے میں 45.45 فیصد کمی ہے۔
اس بیان میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی کی وجہ توانائی کی درآمدات میں نمایاں کمی اور دیگر اشیاء کی درآمدات کی جاری درمیانی رفتار کو قرار دیا گیا ہے۔
اسٹیٹ بنک کی جانب سے ٹویٹر پر جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ کم تر کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ حالیہ مہینوں میں شرح نمو کو مناسب رکھنے اور درآمدات کو محدود رکھنے کے لیے وسیع پیمانے پر کیے گئے اقدامات کا نتیجہ ہے۔ ان اقدامات میں سخت مانیٹری پالیسی، مالی استحکام اور کچھ عبوری انتظامی اقدامات شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: اسٹیٹ بنک نے مانیٹری پالیسی کا اعلان کردیا
تجزیاتی ویب پورٹل میٹس گلوبل کی رپورٹ کے مطابق کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں سالانہ 42 فیصد اضافہ ہوا، اس سال ایک ارب 10 کروڑ ڈالر خسارے کے مقابلے میں جولائی 2021ء میں 85 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کا خسارہ رپورٹ کیا گیا تھا۔