(24 نیوز )چئیرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی سزا معطلی کے خلاف کیس میں الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز کی غیر حاضری پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق برہم ہو گئے ۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا معطلی کے خلاف کیس کی سماعت سوموار تک ملتوی کر دیا گیا ہے ،چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق جہانگیری نے چیئر مین پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کی، الیکشن کمیشن کے معاون وکیل اور چئیرمین پی ٹی آئی کے وکیل عدالت کے روبرو پیش ہوئے، الیکشن کمیشن کے معاون وکیل نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز کی طبیعت آج بہت خراب ہے نہیں پیش ہو سکے ہیں ، چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا ہو گیا ہے امجد پرویز کو ؟معاون وکیل نے جواب دیا کہ کل بھی امجد پرویز بیمار تھے جب سماعت میں وقفہ ہوا تھا اس دوران دوائی لی تھی اور پھر پیش ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد ہائیکورٹ کی لفٹ میں پھنسے لطیف کھوسہ کو آدھے گھنٹے بعد باہر نکال لیا گیا
چیف جسٹس نے کہا کہ ضمانت کا معاملہ چل رہا ہے یہ غلط بات ہے ، معاون وکیل امجد پرویز نے جواب دیا کہ ایسے حالاتِ تو کسی کے ساتھ بھی ہوسکتے ہیں ، عمران خان کے وکیل لطیف کھوسہ نے جواب دیا کہ جی نہیں ، ایسا کسی کے ساتھ نہیں ہوسکتا، میری کل طبیعت خراب تھی مگر آیا، چیف جسٹس نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی غلط اقدام ہیں، ٹوٹل 10منٹ کے دلائل دینے ہیں، لطیف کھوسہ نے معاون وکیل سے متعلق کہا کہ یہ بھی سینئر وکیل ہیں اور وکالت نامہ بھی ہے، الیکشن کمیشن کے اپنے وکلاء موجود ہیں۔
عدالت نے دونوں وکیلوں کے دلائل سننے کے بعد کیس کی سماعت سوموار تک کیلئے ملتوی کر دی، واضح رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ نے کیس کی سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے تک ملتوی کر دی تھی۔