(ویب ڈیسک) میٹا کی جانب سے واٹس ایپ گروپس کو بہتر بنانے کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرایا گیا ہے۔
میٹا کی جانب سے واٹس ایپ میں متعدد نئے فیچرز متعارف کرائے گئے ہیں۔ ان نئے فیچرز میں اسکرین شیئرنگ، انسٹنٹ ویڈیو میسج، ایچ ڈی فوٹوز اور ایڈٹ میسج وغیرہ قابل ذکر فیچرز ہیں۔
اب کمپنی کی جانب سے واٹس ایپ گروپس کو بہتر بنانے کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرایا گیا ہے۔ واٹس ایپ کے اس نئے فیچر سے گروپس کو بغیر کسی نام کے بنانا ممکن ہو جائے گا۔ میٹا کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ کے مطابق یہ ایک سادہ فیچر ہے مگر بہت کارآمد ثابت ہوگا۔
اس وقت ایک واٹس ایپ گروپ بنانے کے لیے نام رکھنا ضروری ہوتا ہے مگر اب اس کی ضرورت باقی نہیں رہے گی۔ مگر اس فیچر کو استعمال کرنے پر واٹس ایپ گروپ میں لوگوں کی بہت کم تعداد کو شامل کرنا ممکن ہوگا۔
ابھی ایک واٹس ایپ گروپ میں 1024 افراد کو شامل کیا جا سکتا ہے مگر بے نام گروپ میں محض 6 افراد شامل ہوسکیں گے۔ اس طرح کے گروپس کو کمپنی کی جانب سے گروپ میں شامل افراد کے ناموں پر کوئی نام دے دیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: اتنی جلدی نہیں مرنے والا، لطیف کھوسہ کی لفٹ میں پھنسےویڈیو سامنے آ گئی
مگر ہر فرد کے سامنے گروپ کا نام مختلف نظر آئے گا اور اس کا انحصار اس بات پر ہوگا کہ دیگر اراکین کے نام ان کے فون میں محفوظ ہیں یا نہیں۔
یعنی اگر آپ کسی بے نام گروپ میں شامل ہوتے ہیں اور اس کے اراکین کانٹیکٹ کے طور پر محفوظ نہیں، تو آپ کا فون نمبر گروپ کے نام طور پر نظر آئے گا۔
اس سے عندیہ ملتا ہے کہ یہ فیچر دوستوں اور گھروالوں کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔ کمپنی کی جانب سے آئند چند ہفتوں کے دوران یہ فیچر دنیا بھر میں صارفین کے لیے متعارف کرا دیا جائے گا۔