(ویب ڈیسک)قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ون ڈے انٹرنیشنل میں ایک اور سنگ میل عبور کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق بابراعظم 100 ون ڈے اننگز میں سب سے زیادہ 5 ہزار 142 رنز بنانے والے پہلے بلے باز بن گئے ہیں,ہمبنٹوٹا میں افغانستان کے خلاف کھیلے گئے سیریز کے دوسرے میچ میں بابراعظم نے یہ اعزاز اپنے نام کیا ،انہوں نے 58.43 کی اوسط سے رنز بنائے جس میں 18 سنچریاں اور 50 نصف سنچریاں شامل ہیں۔
اس سے قبل یہ اعزاز جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ کے پاس تھا جنہوں نے 100 ون ڈے میچز میں 4 ہزار 946 رنز بنا رکھے ہیں جو اب دوسرے نمبر پر آ چکے ہیں، تیسرے نمبر پر ویسٹ انڈیز کے ویو رچرڈز ہیں جو 4 ہزار 607 رنز بنانے کا اعزاز رکھتے ہیں ، شائی ہوپ 4 ہزار 436 کے ساتھ چوتھے جبکہ انگلینڈ کے جو روٹ 4 ہزار 428 رنز کے ساتھ پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔
آئی سی سی کی ون ڈے کے بہترین بلے بازوں کی رینکنگ میں بابراعظم 880 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہیں۔ ٹیسٹ رینکنگ میں بابراعظم کا نمبر چوتھا جب کہ ٹی ٹوینٹی میں قومی کپتان تیسری پوزیشن پر براجمان ہیں۔
خیال رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے ون ڈے اور ٹی20 کھلاڑیوں کی نئی رینکنگ جاری کردی گئی ہے۔ ون ڈے بلے بازوں کی فہرست میں قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم 880 پوائنٹس کے ساتھ بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہیں۔آئی سی سی رینکنگ کے مطابق فہرست میں جنوبی افریقا کے وین ڈر ڈسن 777 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے جبکہ پاکستان کے امام الحق کا فہرست میں تیسرا نمبر ہے۔نوجوان بھارتی بلے باز شبمان گل کا رینکنگ میں چوتھا جب کہ فخر زمان پانچویں نمبر پرقابض ہیں۔
گیند بازوں کی رینکنگ کے حوالے سے آسٹریلوی بولر جوش ہیزل ووڈ سرفہرست ہیں، پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی کی رینکنگ میں نویں پوزیشن برقرار ہے، حارث رؤف گذشتہ ون ڈے میں شاندار گیند بازی کے باعث 7 درجے ترقی کے بعد بعد 36 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ افغانستان کے دو گیند باز مجیب الرحمن اور راشد خان بالترتیب تیسری اور چوتھی پوزیشن پر موجود ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی بلے بازوں میں بھارت کے سوریا کمار یادیو کا پہلے، پاکستان کے محمد رضوان دوسرےاور بابر اعظم تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔
ٹی20 بالرز میں افغانستان کے راشد خان کا پہلا نمبر برقرار ، ٹاپ 10 ٹی ٹوئنٹی بالرز میں بدقسمتی سے پاکستان کا کوئی گیندباز شامل نہیں، حارث روف 13 ویں، شاداب 15 ویں اور شاہین آفریدی 16 نمبر پر موجود ہیں۔