طوفانی بارشیں،کب تک جاری رہیں گی؟ محکمہ موسمیات نے خبردار کردیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں آج سے 28 اگست تک شدید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے، جس کے بعد سندھ اور بلوچستان کے نشیبی علاقے زیر آب آنےاور ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 25 اگست سے ملک میں طاقتور مون سون ہواؤں کا نیا سلسلہ داخل ہو گا، جس کے زیر اثر شدید بارشیں ہوں گی، بنگال سے ہواؤں کا سلسلہ پاکستان کے جنوبی علاقوں میں داخل ہو گا۔
پی ڈی ایم اے نے پنجاب میں مزید مون سون بارشوں کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ،مری، پنجاب، بالائی پنجاب، گلیات، اسلام آباد، لاہور، سیالکوٹ، گجرات، گوجرانوالہ سمیت جنوبی پنجاب و دیگر علاقوں میں بھی بارشوں کا امکان ہے، جبکہ گوجرانوالہ، راولپنڈی، ملتان، فیصل آباد، ساہیوال اور گجرات میں بارشیں متوقع ہیں جبکہ ڈیرہ غازی خان، ملتان اور بہاولپور ڈویژن میں موسلادھار بارش اور سیلاب کا خدشہ ہے۔
دوسری جانب کراچی سمیت سندھ بھر میں 25 سے 29 اگست تک موسلادھار بارشوں کی پیش گوئی ہے،کراچی میں بارش کی پیشگوئی کے پیش نظر ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے اور بلدیہ عظمیٰ کے تمام سٹاف کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے میونسپل سروسز کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔
اس کے علاوہ ٹھٹھہ، بدین، سجاول، عمر کوٹ، مٹھی، میر پور خاص، سکھر، سانگھڑ اور سندھ کے دیگر مقامات پر معمول سے تیز موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے۔
26 سے 29 اگست کے دوران ملک کے جنوبی علاقوں میں شدید بارشوں کا امکان ہے، بلوچستان میں 26 سے 30 اگست کے دوران قلات، لسبیلہ، بارکھان، جعفر آباد، ڑوب، کوئٹہ، زیارت و دیگر علاقوں میں بادل برسیں گے، اس دوران چند مقامات پر موسلا دھار بارشیں بھی ہو سکتی ہیں، سندھ اور بلوچستان کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خطرہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نیلم؛شاردہ کے مقام پر رافٹ بوٹ حادثہ کا شکار ،5افراد ڈوب گئے
اسی طرح 26 سے 28 اگست کے دوران بالائی پختونخوا، ہزارہ ڈویژن، مردان، پشاور، ہنگو و دیگر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارشیں ہوں گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق موسلا دھار بارشوں سے بلوچستان کے مختلف مقامات پر ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے، تیز بارشوں سے اسلام آباد، راولپنڈی، وسطی پنجاب کے نشیبی علاقوں کو بھی خطرہ لاحق ہے۔
اسی طرح گلگت بلتستان بالائی کے پی کے میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے، دوسری جانب محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹر کی پیشگوئی کے مطابق ہوا کا کم دباؤ مغربی بنگال پر موجود ہے۔
25 اگست کو طاقتور مون سون ہوائیں ملک کے جنوبی علاقوں میں داخل ہوں گی، 29 اگست تک کراچی سمیت دیہی سندھ کے مختلف اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔