ایران سے آنے والی زائرین کی بس کھائی میں جا گری ،12 افراد جاں بحق،35 زخمی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(عارف بگٹی،اویس کیانی)ایران سے آنے والی زائرین کی بس مکران میں حادثے کا شکار ہو گئی جس کے نتیجے میں 12 افراد جاں بحق اور 35 سے زائد زخمی ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق زائرین کی بس کو حادثہ مکران کوسٹل ہائی وے پر بزی ٹاپ کے قریب پیش آیا، بریک فیل ہونے کے باعث بس کھائی میں گر گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ایران سے آنے والی بس زائرین کو لے کر پنجاب جا رہی تھی، زخمیوں اور جاں بحق افراد کی میتوں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیاجا رہا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ زائرین کا تعلق لاہور اور گوجرانوالہ سے ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مکران کوسٹل ہائی وے پر زائرین کی بس کو پیش آنے والے حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے وزیراعظم نے جاں بحق ہونے والے افراد کے لیے دعائے مغفرت جبکہ لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی بس حادثے میں زائرین کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جبکہ زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔
محسن نقوی نے کہا کہ حادثات میں بڑے پیمانے پر جانی نقصان پر دلی رنج ہوا ہے، جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں، اللہ تعالیٰ جاں بحق افراد کے لواحقین کو صبرجمیل عطافرمائے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل بھی ایران میں پاکستانی زائرین کی بس کو حادثہ پیش آیا تھا جس میں 35 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہو گئےتھے، حادثے میں جاں بحق پاکستانیوں کی میتیں دو روز قبل ایران سے خصوصی طیارے کے ذریعے پاکستان لائی گئی تھیں۔