پاکستان میں طاقتوروں کےلئے کوئی قانون نہیں،خود کوغیرمحفوظ سمجھتی ہوں، آمنہ الیاس
جب تک مجرموں کو عبرتناک سزائیں نہیں ملیں گی تشدد اور جنسی زیادتی کے واقعات میں کمی نہیں ہوگی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)معروف ماڈل واداکارہ آمنہ الیاس نے کہا ہے کہ پاکستان میں صرف غریب عوام کے لیے قانون ہے، طاقتور لوگوں کیلئے کوئی قانون نہیں۔
آمنہ الیاس اورعفان وحید کی رومانوی کامیڈی فلم "مستانی" 23 اگست کو ملک بھر کے سینما گھروں میں ریلیز ہوگئی، اس موقع پر اداکارہ نے میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اُنہوں نے اس فلم میں عالیہ نامی ایک چنچل لڑکی کا کردار ادا کیا ہے،یہ ایک ایسی لڑکی کا کردارہے جس نے زندگی میں کبھی کوئی دُکھ تکلیف نہیں دیکھی اور وہ اپنی مرضی کے مطابق زندگی جیتی ہے، میں نے اپنے اس کردار سے بہت کچھ سیکھا ہے,اس فلم کو آئی ایم جی سی فلمزاور ڈسٹری بیوشن کے پلیٹ فارم سے ریلیز کیاگیا ہے جس کے رائٹر اورڈائریکٹر عثمان رضوی جبکہ پروڈیوسر سیدہ دانیہ نظامی ہیں۔
فلم "مستانی"کے پریمیئر کے موقع پر آمنہ الیاس سے پاکستان اور بھارت میں خواتین پر تشدد اور جنسی زیادتی کے بڑھتے ہوئے واقعات سے متعلق سوال پر کہا کہ میں ایک عورت ہونے کی حیثیت سے خود کو پاکستان میں محفوظ نہیں سمجھتی،خدا نخواستہ اگر مستقبل میں میرے ساتھ کچھ غلط ہوگیا اور سامنے والا انسان پیسے اور عہدے کے اعتبار سے طاقتور ہوا تو مجھے انصاف کیسے ملے گا؟ کیونکہ پاکستان میں طاقتور لوگوں کے لیے کوئی قانون نہیں ہے۔
آمنہ الیاس نے مزید کہا کہ میں یہاں ایک بات واضح کرنا چاہتی ہوں کہ سب مرد ایک جیسے نہیں ہوتے، ہمارے معاشرے میں کچھ مرد ہی ہیں جو جانور ہیں یا پھر دماغی مریض ہیں،انہی چند مردوں کی وجہ سے ہر مرد برا بن جاتا ہے،ہم جب تک مجرموں کو عبرتناک سزا نہیں دیں گے تب تک تشدد اور جنسی زیادتی کے واقعات میں کمی نہیں ہوگی، اگر جرائم میں کوئی عورت بھی ملوث ہے تو اُسے بھی سزا دی جائے کیونکہ مرد اور عورت دونوں کے لیے قانون یکساں ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ نور مقدم کیس کی مثال لے لیں،اس کیس کا ملزم جیل میں سکون سے اپنی زندگی گزار رہا ہے،ابھی تک ملزم کی سزا کا فیصلہ نہیں ہوسکا جبکہ نور کے والدین کو تاریخ پر تاریخ دی جارہی ہے،اقتدار میں بیٹھے لوگوں کو پاکستان کے سسٹم اور قانون کو بہترکرنے کی ضرورت ہے ۔