(ویب ڈیسک)بالی ووڈ کی متنازع اداکارہ و سیاست دان کنگنا رناوت نے انکشاف کیا ہے کہ دبنگ اسٹار سلمان خان نے اُنہیں اپنی سُپر ہٹ فلموں"بجرنگی بھائی جان" اور "سلطان" میں کام کرنے کی پیشکش کی تھی جوانہوں نے کردارپسندنہ آنے پر مستردکردیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کنگنا رناوت اپنی نئی آنےوالی فلم "ایمرجنسی" کی ریلیز کی تیاریوں میں مصروف ہیں جس میں انہوں نے نہ صرف مرکزی کرداربلکہ فلم کی ہدایتکاری بھی کی ہے۔
ایک حالیہ انٹرویو کے دوران کنگنارناوت نے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں سلمان خان نے مجھے سپر ہٹ فلم "بجرنگی بھائی جان" اور "سلطان" میں کام کرنے کی پیشکش کی تھی تاہم دونوں فلموں کے کردار پسند نہ آنے پر میں نے پیشکش مسترد کردی تھی۔
کنگنارناوت نے کہا کہ جب سلمان خان نے مجھے "بجرنگی بھائی جان" کی پیشکش کی تو میں نے اُن سے کہا کہ یہ کیسا کردار ہے؟ میں یہ کردار نہیں کرسکتی، اس کے بعد دبنگ خان نے مجھ سے اپنی فلم"سلطان" میں کام کرنے کے لیے رابطہ کیا لیکن مجھے وہ کردار بھی پسند نہیں آیا جس پر سلمان خان نے کہا کہ میں آپ کو ایسا کون سا کردار دوں کہ آپ میری پیش کش کو قبول کرو؟
اداکارہ نے مزیدکہا کہ میں نے دونوں فلموں کی پیش کش مسترد کردی تھی لیکن اس کے باوجود سلمان خان کا میرے ساتھ رویہ بہت اچھا ہے، وہ مجھ سے رابطے میں رہتے ہیں،اُنہوں نے میری نئی آنے والی فلم "ایمرجنسی" دیکھنے کی خواہش بھی ظاہر کی تھی لیکن مصروفیت کی وجہ سے وہ میرے اسٹوڈیو نہیں آسکے تو اُنہوں نے ایک مشترکہ دوست کو میرے اسٹوڈیو بھیجا اور کہا کہ ریلیز سے پہلے ہی فلم "ایمرجنسی" دیکھو اور مجھے بتاؤ کہ کنگنا نے کیسی فلم بنائی ہے۔
کنگنارناوت نے کہا کہ ہمارے مشترکہ دوست نے "ایمرجنسی" دیکھنے کے بعد سلمان خان کو فلم کے بارے میں بتایا جس کے بعد دبنگ اسٹار نے میری فلم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک اچھی فلم ہے۔
کنگنارناوت نے کہا کہ سلمان خان کی فین فالوونگ بہت زیادہ ہے اور مجھے لگتا ہے کہ وہ لوگوں کی محبت کے حق دار ہیں کیونکہ وہ نرم دل اور احساس کرنے والی شخصیت کے مالک ہیں،ہماری انڈسٹری میں وہی لوگ سلمان خان کے خلاف زہر اُگلتے ہیں جو چاہتے ہیں کہ وہ مقبولیت کی سیڑھی پر سلمان خان کی جگہ ہوں۔