اسلام آباد کے بعد لاہور میں بھی پی ٹی آئی کا جلسہ ملتوی، وجہ کیا ہے؟ جانئے

Aug 25, 2024 | 18:56:PM

(عثمان خادم کمبوہ)اسلام آباد کا جلسہ ملتوی کرنے کے 3 روز بعد ہی پاکستان پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) نے لاہور میں 27 اگست کا جلسہ بھی ملتوی کردیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سیکریٹری اطلاعات شوکت بسرا نے کہا کہ تحریک انصاف لاہور میں جلسہ 8 ستمبر کے اسلام آباد جلسے کے بعد کرے گی،ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف تمام تر توجہ اسلام آباد جلسے پر رکھےگی، اسلام آباد کے بعد لاہور جلسے کی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔

قبل ازیں اسلام آباد کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا لاہور کا 27 اگست والا جلسہ بھی ملتوی ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا تھا۔

انتظامیہ کی جانب سے پی ٹی آئی کو جلسے کے لیے باضابطہ اجازت نہیں ملی تھی، پارٹی رہنماؤں میں اختلافات کے باعث جلسے کی تیاریاں بھی نہیں ہوسکی تھیں۔

پی ٹی آئی سینٹرل پنجاب کے سنیئر نائب صدر اکمل خان باری نے الزام عائد کیا کہ لاہورہائی کورٹ کے احکاماتِ کےباوجود تاحال جلسہ گاہ کی جگہ بارے آگاہ نہیں کیا جارہا، ڈی سی لاہور کو عدالتی آرڈر کی کاپی بھی جمع کرائی گئی ہے۔

 رہنما پی ٹی آئی خرم کھوسہ ایڈووکیٹ نے بتایا کہ ہم نے جلسہ ملتوی نہیں کیا لیکن انتظامیہ تاحال جلسے کے لیے جگہ مختص نہیں کررہی،اس کے علاوہ تحریک انصاف نے ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) لاہور کے خلاف بھی توہین عدالت کی درخواست دائر کرنے کا اعلان کیا تھا۔

دوسری جانب ذرائع کے مطابق تحریک انصاف لاہور کی قیادت کے میدان میں موجود نہ ہونے کی وجہ سے جلسے کی تیاریاں بھی نہیں ہوسکی تھیں، پی ٹی آئی لاہور کی قیادت اختلافات کا شکار ہے جبکہ لاہور کے کارکنان بھی قیادت سے نالاں ہیں۔

واضح رہے کہ 22 اگست کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اسلام آباد میں ہونے والا جلسہ ملتوی کردیا تھا،پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما اعظم سواتی نے چیئرمین بیرسٹر گوہر کی موجودگی میں جلسہ ملتوی کرنےکا اعلان کیا،بعد ازاں 23 اگست کو عمران خان نے کہا تھا کہ اگر اسلام آباد کا جلسہ کرتے تو دوبارہ 9 مئی کے گلے پڑنے کا خدشہ تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی نے ناکامی کے ڈر سے جلسہ منسوخ کیا:وزیردفاع

مزیدخبریں