محمد علی جناح کا 145واں یوم پیدائش،مزار قائد پر گارڈز تبدیلی کی پروقار تقریب

Dec 25, 2020 | 09:19:AM

Read more!

 (24نیوز)قائداعظم محمدعلی جناحؒ کےیوم پیدائش  کے موقع پر مزارقائدپرگارڈز تبدیلی کی پروقارتقریب  کا انعقاد کیا گیا۔ پاکستان ملٹری اکیڈمی  کے چاک و چوبند دستے نےگارڈزکےفرائض سنبھال لئے۔ کمانڈنٹ پاکستان ملٹری اکیڈمی میجرجنرل عمراحمدبخاری مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں اعلیٰ فوجی وسول حکام سمیت شہریوں کی بڑی تعدادشریک ہوئی۔

 بانی پاکستان حضرت قائداعظم محمد علی جناح کا 145واں یوم پیدائش آج  روایتی جوش وخروش کے ساتھ منایا جارہا ہے۔اس سلسلے میں ملک بھر میں تقریبات  کا انعقاد کیا جارہا ہے ۔سرکاری اور نجی سطح پر سماجی تنظیموں کے زیر اہتمام مختلف تقاریب اور سیمینارز بھی ہوں گےجس سے خطاب کے دوران مقررین بانی پاکستان کی ملک و ملت کیلئے گرانقدر خدمات کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔

کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی جس کے مہمان خصوصی کمانڈنٹ پاکستان ملٹری اکیڈمی میجرجنرل عمراحمدبخاری تھے۔ تقریب میں اعلیٰ فوجی وسول حکام کیساتھ لوگوں کی بڑی تعدادشریک ہوئی۔ آغاز قومی ترانے سے کیا گیا۔ پاکستان ملٹری اکیڈمی کےکیڈٹس نےگارڈز کےفرائض سنبھال لیے۔کمانڈنٹ پاکستان ملٹری اکیڈمی میجرجنرل عمراحمدبخاری نےمزارقائدپرپھول چڑھائےاورفاتحہ خوانی کی، بانی پاکستان کو اعزازی سلام بھی پیش کیا گیا، مہمان خصوصی میجرجنرل عمراحمدبخاری نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبندکئے۔

قائداعظم نے کراچی کی بندرگاہ کے قریب واقع وزیر مینشن میں 25 دسمبر 1876ء میں گجراتی تاجر جناح بھائی پونجا کے گھر آنکھ کھولی۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم کا آغاز 1882ء میں کیا، وہ 1893ء میں اعلیٰ تعلیم کے حصول کیلئے انگلستان روانہ ہوئے۔وہاں سے 1896ء میں بیرسٹری کا امتحان پاس کیا اور وکالت کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد سیاسی زندگی کا آغاز کرتے ہوئے انڈین نیشنل کانگریس میں باقاعدہ شمولیت اختیار کی۔بعد ازاں قائداعظم نے 1913ء میں مسلمانوں کی نمائندہ واحد جماعت آل انڈیا مسلم لیگ جوائن کی ۔ ان کی علیحدہ ملک کی جدوجہد رنگ لائی اور چودہ اگست 1947ء کو برصغیرکے مسلمانوں کا علیحدہ وطن کا خواب شرمندہ تعبیر ہوا جس کا نام پاکستان رکھا گیا۔آزادی کے بعد قائداعظم کی طبیعت ناساز رہنے لگی اور کئی بیماریوں سے لڑتے لڑتے 11 ستمبر 1948ءکو ملت کا یہ روشن ستارہ دارفانی سے کوچ کر گیا۔جب تک اللہ کے فضل سے پا کستان قا ئم ہے قائد اعظم کا نام بھی زندہ رہے گا۔

مزیدخبریں