آٹا , انڈے، چینی، ایل پی جی مہنگی، آلو ، پیاز، مرغی کی قیمتوں میں کمی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) رواں ہفتے کے دوران آٹے , انڈے، چینی، گھی، اور ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ، آلو ، پیاز، مرغی اور دال مسور کی قیمتوں میں کمی۔
ادارہ شماریات کے مطابق 20 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ملک میں ایک ہفتے میں مہنگائی میں 0.11 فیصد اضافہ ہو گیا۔ ایک ہفتے کے دوران انڈے کی فی درجن قیمت میں 6 روپے 26 پیسے کا اضافہ ہوا۔ چینی اوسط 13 پیسے فی کلو مزید مہنگی ہو گئی جس کے بعد ملک میں چینی کی اوسط قیمت بڑھ کر 82 روپے 6 پیسے فی کلو ہوگئی۔ٹماٹر 8 روپے 29 پیسے فی کلو مہنگا ہوا، انڈے فی درجن 6 روپے 26 پیسے مزید مہنگے ہوئے، کوئٹہ میں انڈے سب سے زیادہ مہنگے فروخت ہوئے جہاں فی درجن قیمت 230 روپے رہی۔
اعداد و شمار کے مطابق ایک ہفتے کے دوران ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 19 روپے 86 پیسے مہنگا ، آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 5 روپے 53 پیسے مہنگا ہو گیا جبکہ گھی، کوکنگ آئل، تازہ دودھ، گوشت اور گڑ کی قیمت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
ادارہ شماریات کے مطابق رواں ہفتے 10 اشیاء کی قیمتوں میں کمی بھی واقع ہوئی، آلو 6 روپے 71 پیسے، پیاز 3 روپے 95 پیسے فی کلو سستا ہوا جبکہ مرغی 15 روپے 68 پیسے فی کلو سستی ہوئی۔ ایک ہفتہ میں دال مسور 3 روپے 3 پیسے فی کلو سستی ہوئی ۔ رپورٹ کے مطابق 21 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔