ملک کو کٹھ پتلیوں کی نہیں مضبوط قیادت کی ضرورت ہے: بلاول بھٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ ملک کو سلیکٹڈ اور کٹھ پتلیوں کے لئے تجربے و ٹریننگ کی فیکٹری بنانے کے بجائے اسے مضبوط قیادت کی ضرورت ہے،ایسی قیادت جو پاکستان کے لیے قائداعظم کے جمہوری نظریات کی پاسداری کرے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے قائداعظم محمد علی جناح کے 145 ویں یوم پیدائش پر پیغام میں کہا متحدہ ہندستان کے مسلمانوں کے لئے پرامن و جمہوری جدوجہد کے ذریعےالگ ملک بنانے پر ہم قائد ملت کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا قائد اعظم کے مشن کو ابھی پایہ تکمیل پر پہنچانا باقی ہے جس کی تکمیل کے لیے عوام پیپلز پارٹی کی کاوشوں میں بھرپور ساتھ دیں.
انہوں نے مزید کہا اب یہ پوری قوم کی اجتماعی ذمہ داری ہے کہ وہ قائداعظم کے خواب کو مکمل طور سمجھے۔پیپلز پارٹی اسی نظریئہ پاکستان کی حقیقی علمبردار ہے جس کے خالق قائداعظم تھے،پیپلز پارٹی کے سابق سربراہان و وزرائے اعظم شہید بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے اسی نظریے کی خاطر جانیں قربان کیں۔پرامن، خوشحال اور مساوات پر مبنی پاکستان کے لئے جدوجہد کو آگے بڑھائیں گے۔