(24نیوز)ایران امریکا سے اہم منظوری لینے میں کامیاب ہوگیا،ٹرمپ انتظامیہ نے ایران کو کورونا ویکسین کی خریداری کے لیے فنڈز ٹرانسفر کرنےکی اجازت دے دی۔
تفصیلات کے مطابق ایرانی سینٹرل بینک کے سربراہ نے اس بات کی تصدیق کی ہےکہ امریکا نے ایران کو دیگر ممالک سے کورونا ویکسین خریدنے کے لئے فنڈز ٹرانسفر کی اجازت دے دی ہے۔ایرانی سینٹرل بینک کے گورنر عبدالنصر حماتی کا کہنا تھا کہ سینٹرل بینک کو ویکسین کی خریداری کے سلسلے میں سوئس بینک کو ادائیگی کے لیے امریکی وزارت خزانہ کے فارن ایسیٹس کنٹرول آفس کی منظوری مل گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عبدالنصر حماتی نے کہا کہ امریکا نے ہمارے تمام بینکوں پر پابندی عائد کردی ہے، اس لئے انہوں نے عالمی دباؤ کے تناظر میں صرف اس کیس کی منظوری دی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ایران کوویکس سے کورونا ویکسین خریدنے کے لئے ابتدائی طور پر16.8 ملین خوراکوں کی مد میں 244 ملین ڈالر ادا کرے گا۔ایرانی حکام کا کہنا ہےکہ دنیا بھر میں 190 معیشتوں نے کورونا کی ویکسین کی خریداری کے لئےمعاہدہ کیا ہے لیکن امریکی پابندیاں کمپنی کو ادائیگی کے لئے آڑے آرہی ہیں۔دوسری جانب امریکی جانب سے ایرانی سینٹرل بینک کے گورنر کے بیان پر کوئی رد عمل نہیں دیا گیا۔