(ویب ڈیسک )گزشتہ روز مرحوم عامر لیاقت حسین کی تیسری اہلیہ ملزمہ دانیہ شاہ کی درخواستِ ضمانت مسترد ہونے کے بعد ان کی والدہ کی جانب سے میزبان کی پہلی سابقہ اہلیہ، بشریٰ اقبال پر سنگین الزامات عائد کئے تو بشری اقبال کا بیان بھی سامنے آگیا۔
تفصیلات کے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کراچی کی عدالت کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےبشریٰ اقبال کا کہنا تھا کہ ملزمہ دانیہ شاہ کی والدہ مجھ پر اور میرے بچوں پر جھوٹے الزامات لگا رہی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ’اب دانیہ شاہ کی والدہ ہمارے پیچھے پڑ گئی ہیں، اب ان کا شکار ہم ہیں، ان کی کہانی پیسے سے شروع ہوتی ہے اور پیسے پر ختم ہوتی ہے۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہمارے معاملات ایسے نہیں ہیں ، ماں باپ کی جائیداد میں جو کچھ ہوتا ہے ماں باپ کے بعد وہ اولاد کا ہی ہوتا ہے، ایسی جنگیں کیا لڑنا، یہاں وہ بچے لڑ رہے ہیں تو اپنے باپ کی عزت و وقار کے لئے۔
یہ صرف عامر کی عزت کی بات نہیں ہے، وہ بچے بھی اس معاشرے کا حصہ ہیں، جب وہ مبینہ ویڈیو ریلیز ہوئی تو ان کو بھی تکلیف ہوئی ہے، یہ ایک ایسی تکلیف ہے جو وہ بچے ساری زندگی بھلا نہیں پائیں گے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ آج ہم عدالت میں اگر آئیں ہیں اور بچے اپنے باپ کے لئے لڑ رہے ہیں تو ان پر الزامات عائد کئے جا رہے ہیں کہ یہ بچے باپ کی زندگی میں کہیں تھے۔ بچے باپ سے ملتے تھے یا نہیں، تو بچے اگر باپ سے ملنے جائیں گے تو سوشل میڈیا پر پوسٹ کرکے تو نہیں جائیں گے۔
انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ ’ دانیہ شاہ کی والدہ نے مجھے قاتل بھی کہہ دیا، یہ بھی کہہ دیا کہ میں انہیں جان سے مارنے کی دھمکی دے رہی ہوں، تب سے لے کر اب تک انہیں کراچی آنے نہیں دیا۔
انہوں نے کہا کہ میں اگر اتنی اثر و رسوخ والی ہوں تو میرے وہ دھمکی آمیز پیغامات عدالت میں لائیں، سامنے آئیں۔ یہاں میڈیا کے سامنے کھڑے ہوکر کوئی بھی چلا سکتا ہے، کوئی بھی الزام لگا سکتا ہے، عدالت میں آجائیں۔انہوں نے اختتام پر بتایا کہ آج وہ عدالت میں بالکل خاموش تھیں، ان کے وکیل کے پاس دینے کے لئے کوئی بھی ثبوت نہیں ہے