(ویب ڈیسک )امریکا میں جان لیوا سردی کی لہر جاری ہے، برفانی طوفان سے اموات کی تعداد 22 ہوگئی۔امریکی محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان کی شدت مزید 2 روزتک برقرار رہنے کا امکان ہے، شدید برفباری سے معمولات زندگی درہم برہم ہوکر رہ گئے ہیں، درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے چلا گیا، شہر کے شہر برف سے ڈھک گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ”بم سائیکلون“ کو امریکا میں کئی دہائیوں کا سب سے زیادہ طاقتور طوفان کہا جارہا ہے، ہفتے کے روز امریکا میں 3,000 سے زیادہ پروازیں منسوخ کردی گئیں، جس سے ہزاروں مسافر پھنس گئے۔
انتہائی طاقت ور برفانی طوفان کے باعث بجلی کا نطام درہم برہم ہوگیا، 10 لاکھ لوگ کرسمس کے دن پر بجلی کی سہولت سے محروم ہیں۔مرکزی شاہراہوں پر دور تک جگہ جگہ گاڑیاں پھنسی نظرآرہی ہیں، وسط مغربی اورشمال مشرقی علاقے سب سے زیادہ سردی کی لپیٹ میں ہیں، بفیلومیں دو فیٹ سے زائد برف گرچکی، بہت سے مقامات پرحد نگاہ صفرہوچکی ہے۔
محکمہ موسمیات نے لوگوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر پر عمل کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب کینیڈا میں بھی برفانی طوفان کی وجہ سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں، اونٹاریو میں 75,000 سے زیادہ صارفین بجلی کی بندش سے متاثر ہوئے۔
ٹورنٹو شہر کے لیے موسم سرما میں سفری ایڈوائزری بھی برقرار ہے۔ انوائرنمنٹ کینیڈا نے ہفتے کی صبح ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہا کہ 70 سے 80 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں۔
اونٹاریو کی صوبائی پولیس کا کہنا ہے کہ طوفان کے آغاز کے بعد سے پہلی ٹریفک ہلاکت صوبے میں ہوئی ہے، برفباری سے سڑکیں اور راستے بند ہوگئے۔