(24 نیوز) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے مردان میں زیر اہتمام عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی دونوں ایک سکے کے دو رخ ہیں، دونوں عالمی اسٹیبلشمنٹ کے ایجنٹوں کا ٹولہ ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے کشمیر کو بھارت کے حوالے کیا، ان لوگوں نے پاکستانی عوام کے ہاتھوں میں آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے زنجیریں ڈالیں۔
سراج الحق نے کہا کہ اب بھی 22 کروڑ لوگوں پر یہودی ایجنٹوں کا نظام رائج ہے، پی ٹی آئی اب سابق آرمی چیف باجوہ کے خلاف ہے، کیا قوم بھول گئی کہ یہی عمران خان روزانہ بیان دیتے تھے کہ باجوہ صاحب ایک جمہوریت پسند آرمی چیف ہیں اور پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: کسی کو بھی ملکی سلامتی سے نہیں کھیلنے دیں گے، خواجہ آصف
امیر جماعت اسلامی کا مزید کہنا تھا کہ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کے درمیان جھگڑا غربت کے خاتمے یا معیشت کی بہتری کا نہیں، یہ سب صرف کرسی اور اقتدار کا جھگڑا ہے۔
پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی کی سیاست پاکستان کیلئے بھارت کے ایٹم بم سے زیادہ خطرناک ہے، ان لوگوں کی وجہ سے ایک کروڑ پاکستانی باہر کے ممالک میں در بدر ہیں، انہی لوگوں کی وجہ سے گرین پاسپورٹ کی عالمی سطح پر کوئی عزت نہیں۔ امریکہ کے خلاف ایک بیان دینے پر فواد چوہدری پانچ بار معافی مانگنے کیلئے امریکی سفارتخانے گئے۔
سراج الحق نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی نے اپنے دور حکومت میں صرف لنگر خانے اور مسافر خانے بنائے، اگلی دفعہ حکومت آئی تو یہ پاگل خانے بنائیں گے۔