بلوچستان:کاہان ایریا میں بارودی سرنگ دھماکہ، کیپٹن سمیت 5 جوان شہید
ہر قیمت پر دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنائیں گے:آئی ایس پی آر
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)بلوچستان کے ضلع کوہلو میں باروردی سرنگ کے دھماکے میں ایک افسر سمیت 5 فوجی جوان شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان کے ضلع کوہلو کے علاقے کاہان میں خفیہ اطلاعات پر کلیئرنس آپریشن کے دوران بارودی سرنگ کا دھماکا ہوگیا، بارودی سرنگ کے دھماکے میں ایک افسر اور 4 فوجی جوان شہید ہوگئے، شہدا میں کیپٹن فہد، لانس نائیک امتیاز، سپاہی اصغر، سپاہی مہران اور سپاہی شمعون شامل ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دشمن عناصرکی بزدلانہ کارروائیاں بلوچستان کے امن اور خوشحالی کوسبوتاژ نہیں کرسکتیں، سکیورٹی فورسز ہر قیمت پر دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کیلئے پرعزم ہیں،علاقے کو دشمن سے پاک کرنے کا آپریشن جاری ہے۔
دوسری جانب لیویز حکام نے بتایا کہ دھماکے میں 6 افراد زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ 5 زخمیوں کی حالت تشوشناک ہے،واقعے کے بعد لیویز اور دیگر قانون نافذ کرے والے اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔