(24 نیوز)نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی قربان لائنز میں پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے ہیڈ آفس آمد, قائد اعظم ڈے اور کرسمس ڈے پر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔
تفصیلات کے مطابق محسن نقوی نے کرسمس اور قائداعظم ڈے پر سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے گرجا گھروں اور تقریبات کی سکیورٹی کے لئے کئے گئے انتظامات کا مشاہدہ کیا اور سکیورٹی انتظامات کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کا بھی معائنہ کیا، اس حوالے سے ایم ڈی پنجاب سیف سٹی اتھارٹی نے وزیراعلی کو سکیورٹی انتظامات سے متعلق بریفنگ دی۔
محسن نقوی نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے پوری طرح چوکس ہیں،پنجاب بھر میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیراعلیٰ محسن نقوی نے گوجرانوالہ،راولپنڈی اورفیصل آبادسیف سٹی پراجیکٹس کے سول ورکس کو 31دسمبر تک ہر صورت مکمل کرنے کا حکم دیا۔وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ17 شہروں میں کیمرے نصب ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کیلئے سیف سٹی پراجیکٹس انتہائی اہمیت رکھتے ہیں،ان منصوبوں میں ایک لمحے کی بھی تاخیر نہیں ہونی چاہیے،31دسمبر تک تینوں منصوبوں کے مرکزی ہال اورڈیٹا سینٹر کا سول ورکس مکمل کیا جائے،وزیراعلیٰ محسن نقوی نے تینوں پراجیکٹس کی روزانہ کی بنیاد پر پیش رفت رپورٹس طلب کرلیں۔
محسن نقوی نے کمشنرز اورآر پی اوز باقاعدگی سے پراجیکٹس کے وزٹ کر کے ڈیلی رپورٹس پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سول ورکس مکمل ہونے کے بعد آلات کی تنصیب کا کام جتنی جلدی ممکن ہو مکمل کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں:کراچی میں کرسمس کا تہوار روایتی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے
وزیراعلی نے کہا کہ فیصل آباد میں 600،گوجرانوالہ میں 700اورراولپنڈی میں 750کیمرے سیف سٹی پراجیکٹس کے ساتھ منسلک ہوں گے،17چھوٹے شہرو ں میں سیف سٹی پراجیکٹ ”ڈی آئی سی تھری“پر بھی جلد کام کا آغاز کیا جائے،پنجاب کے 737تھانوں کی اپ گریڈیشن کے امور بھی جلد آگے بڑھائے جائیں،31جنوری تک تھانوں کی اپ گریڈیشن کا کام مکمل ہونا چاہئیے ۔
محسن نقوی کو انسپکٹرجنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے گوجرانوالہ،راولپنڈی اورفیصل آباد میں سیف سٹی پراجیکٹس،تھانوں کی اپ گریڈیشن اور17 چھوٹے شہریوں میں سیف سٹی منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی ۔
صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر،انسپکٹر جنرل پولیس،سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو،ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ،چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ،سی سی پی او لاہور،ایم ڈی پنجاب سیف سٹی اتھارٹی،سیکرٹری خزانہ،سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، کمشنر لاہورڈویژن اورمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجودتھے، جبکہ گوجرانوالہ،راولپنڈی اورفیصل آباد کے کمشنرز جبکہ گوجرانوالہ اورفیصل آباد کے آر پی اوز اورراولپنڈی کے سی پی او ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے.
اس کے علاوہ وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے ڈاکٹرز ہسپتال میں پیش آنے والے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی سی آئی اے کو فوری طور پر او ایس ڈی بنانے کا حکم دے دیا۔