(علی رامے) پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار اقلیتوں کے کیلئے مخصوص میثاق سنٹر قائم کیا گیا جس کا افتتاح نگران وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی نے لاہور کے علاقے کاہنہ میں کیا۔
میثاق سینٹر میں اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے پولیس افسران اور اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے جو اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے شہریوں کو پولیس سروسز فراہم کریں گے۔
اس موقع پر نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے میثاق سنٹر کاہنہ کے مختلف سروس کاؤنٹرز کا جائزہ لیا جہاں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے دی جانے والی سہولتوں کے بارے میں بریفنگ دی جبکہ چیف سیکرٹری زاہد زمان اختر نے میثاق سینٹر کے اغراضِ و مقاصد بیان کیے۔
میثاق سینٹر میں اقلیتی برادری کی مقدس کتابوں کے عکس بھی آویزاں کیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب کا تمام مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارک
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ میثاق سنٹر بین المذاہب آہنگی کے فروغ اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ میں اہم کردارادا کرے گا جہاں مذہبی اورسماجی مسائل کو حل کیا جائے گا، اس طرح میثاق سنٹر مذہبی ڈائیلاگ سنٹر کا کردار ادا کرے گا۔
اس کے علاوہ میثاق سنٹرمذہبی تہواروں،خدمت مرکز اور تحفظ مرکز میں فراہم کردہ سہولتوں کے بارے میں آگاہی فراہم کرے گا۔
نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے مولانا عبدالخبیر آزاد ،مولانا رمضان سیالوی ،آرچ بشپ سیباستن فرانسس اور دیگر مسیحی رہنماؤں کے ہمراہ کرسمس کیک بھی کاٹا اور دعا کی جبکہ صوبائی وزیر ڈاکٹر جمال ناصر، چیف سیکرٹری،انسپکٹر جنرل پولیس،سی سی پی او لاہور اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔