سکیورٹی فورسز کاجنوبی وزیرستان میں آپریشن،13خوارجی ہلاک

قوم کو اپنے بہادر جوانوں پر فخر ہے،کامیاب آپریشن پر صدر ،وزیراعظم،وزیر داخلہ کا سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

Dec 25, 2024 | 14:07:PM

(24  نیوز )سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کرتے ہوئے 13 خوارجی دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ 24 اور 25 دسمبر کو سکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان کے علاقے سراروغہ میں خوارج کی موجودگی کی خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، آپریشن کے نتیجے میں 13 خوارج جہنم واصل ہو گئے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے خوارج سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردانہ کارروائیوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھے، علاقے میں موجود کسی بھی دیگر خوارج کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

ترجمان پاک فوج کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

دوسری جانب  جنوبی وزیرستان میں فتنہ الخوارج کے 13 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

مملکت آصف علی زرداری نے  کہا کہ سکیورٹی فورسز دہشتگردی کے عفریت کے خاتمے کے لیے کارروائیاں کررہی ہیں، پوری قوم دہشتگردی کے خلاف متحد ہے۔ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک فتنتہ الخوارج کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

وزیراعظم  شہباز شریف نے ضلع جنوبی وزیرستان کے علاقے سراروغا میں 13 خوارج کو نے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ انسانیت کے دشمنوں کے مذموم عزائم کو اسی طرح خاک میں ملاتے رہیں گے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ قوم کو سکیورٹی فورسز کے نڈر جوانوں پر فخر ہے،ملک سے فتنہ الخوارج اور دہشتگردی کے مکمل سد باب تک ہماری دہشتگردوں کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔

مزیدخبریں